تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز پر نصب جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ایک ایم کیو-9 ریپر ڈرون کو مار گرایا گیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی یونٹ نے آبنائے ہرمز کے اوپر پرواز کرنے والے ڈرون کو نشانہ بنایا، جس کے بعد وہ تباہ ہو گیا۔آئی آر جی سی کے مطابق یہ کارروائی آبنائے ہرمز کے علاقے میں تعینات جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے کی گئی، جبکہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ آپریشن پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس نے انجام دیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ مذکورہ ڈرون کس مقام سے پرواز کر کے آیا تھا، تاہم ایم کیو-9 ریپر ڈرون بنیادی طور پر امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال بغیر پائلٹ نگرانی اور حملہ آور طیاروں میں شمار ہوتے ہیں۔
ایرانی میڈیا کا مزید دعویٰ ہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک ایران 30 سے زائد امریکی ریپر ڈرونز کو روکنے یا مار گرانے کا دعویٰ کر چکا ہے۔تاہم اس تازہ دعوے کی آزاد ذرائع یا امریکی حکام کی جانب سے تاحال تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، اس لیے اس بارے میں مزید سرکاری معلومات کا انتظار ہے۔