واشنگٹن: دنیا کے معروف امریکی یوٹیوبر اور اسٹریمر آئی شو اسپیڈ نے مسلسل 52 گھنٹے سے زائد جاگ کر مقبول ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6‘ کی کہانی مکمل کرلی، تاہم گیم کے اختتام پر خوشی منانے کے بجائے وہ جذباتی ہوکر رونے لگے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی شو اسپیڈ نے گیم کی ریلیز کے موقع پر لائیو اسٹریمنگ کا آغاز کیا اور تقریباً 52 گھنٹے 30 منٹ تک مسلسل گیم کھیلتے رہے۔ اس دوران انہوں نے نیند لیے بغیر گیم کی مرکزی کہانی مکمل کرنے کی کوشش جاری رکھی۔رپورٹ کے مطابق یوٹیوبر نے ابتدائی 40 گھنٹوں کے دوران ہی گیم کی 80 فیصد سے زائد مرکزی کہانی مکمل کرلی تھی، جبکہ ہزاروں مداح ان کی طویل لائیو اسٹریمنگ دیکھتے رہے اور گیم میں پیش آنے والے مختلف واقعات سے محظوظ ہوتے رہے۔مسلسل دو دن سے زیادہ جاگنے کے باعث آئی شو اسپیڈ شدید تھکن کا شکار دکھائی دیے۔ لائیو اسٹریمنگ کے دوران انہوں نے کئی مرتبہ نیند کی کمی اور تھکاوٹ کا بھی اعتراف کیا، تاہم گیم مکمل کرنے تک کھیل جاری رکھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ گیم کی کہانی مکمل ہونے کے بعد یوٹیوبر کا ردعمل توقعات سے مختلف تھا۔ وہ کامیابی پر خوشی منانے کے بجائے کہانی کے اختتام سے مایوس دکھائی دیے اور جذبات پر قابو نہ رکھتے ہوئے رونے لگے۔