بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع کولہاپور میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جب ایک شخص کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا تھا، لیکن اسپیڈ بریکر کے جھٹکے نے اس کی زندگی بچا لی۔
65 سالہ پانڈورنگ الپے کو 16 دسمبر کو دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد اسے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا۔ ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا اور اس کی لاش کو ایمبولینس میں آخری رسومات کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔ ایمبولینس جب ایک اسپیڈ بریکر سے گزری تو اس جھٹکے کے بعد الپے کے اہل خانہ نے اس کی انگلیوں میں حرکت محسوس کی۔الپے کی اہلیہ نے بتایا کہ جب ایمبولینس اسپیڈ بریکر پر سے گزری، تو انہوں نے دیکھا کہ اس کی انگلیاں حرکت کر رہی تھیں۔
فوری طور پر الپے کو ایک دوسرے اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے پندرہ دن تک زیر علاج رکھا گیا، اور اس دوران اس کی انجیو پلاسٹی بھی کی گئی۔الپے کی اس حادثاتی ’’زندگی کی واپسی‘‘ نے سب کو حیران کن صورتحال میں ڈال دیا۔ جہاں ایک طرف اس کی موت کی خبر پورے گاؤں میں پھیل چکی تھی، وہیں اسپیڈ بریکر کا جھٹکا الپے کے لیے زندگی کی ایک نئی امید بن کر سامنے آیا۔