ٹرمپ کی جانب سے روسی صدر کو دوست کہنے پر زیلنسکی کا ردعمل، پوٹن کو ’قاتل‘ قرار دے دیا

ٹرمپ کی جانب سے روسی صدر کو دوست کہنے پر زیلنسکی کا ردعمل، پوٹن کو ’قاتل‘ قرار دے دیا

کیف: یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو قاتل قرار دیتے ہوئے ان پر سخت تنقید کی ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روسی رہنما کو اپنا دوست کہہ سکتے ہیں، تاہم یوکرین کے لیے پوٹن دشمن اور قاتل ہیں۔زیلنسکی کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ولادیمیر پوٹن کو دوست قرار دینے کے بعد سامنے آیا ہے، جس سے روس کے حوالے سے یوکرین اور امریکا کے مؤقف میں پائے جانے والے اختلافات ایک بار پھر نمایاں ہوگئے ہیں۔یوکرینی صدر نے کہا کہ روسی قیادت کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرنے کے بجائے یوکرین میں جاری جنگ، شہریوں کی ہلاکتوں اور بڑے پیمانے پر تباہی کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانا چاہیے۔

زیلنسکی کے مطابق، پوٹن کے ساتھ دوستانہ انداز میں بات چیت کرنے سے روسی قیادت پر جنگ ختم کرنے کے لیے دباؤ کم ہوسکتا ہے۔ ان کا خدشہ ہے کہ اس طرزِ عمل سے روس کو یوکرین پر مزید حملے جاری رکھنے کا حوصلہ مل سکتا ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پوٹن کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کا دفاع کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روسی صدر کے ساتھ بہترین تعلقات رکھنا ایک مثبت بات ہے۔