یوکرین مذاکرات میں یورپ کو مکمل کردار دینے کا مطالبہ، فرانس نے ماسکو جانے پر آمادگی ظاہر کردی

یوکرین مذاکرات میں یورپ کو مکمل کردار دینے کا مطالبہ، فرانس نے ماسکو جانے پر آمادگی ظاہر کردی

پیرس: فرانس نے کہا ہے کہ یورپی رہنما یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں مکمل کردار دیے جانے کی صورت میں روس کے دارالحکومت ماسکو جانے کے لیے تیار ہیں۔

 یہ بیان روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یورپی رہنماؤں کو مذاکرات کے لیے ماسکو آنے کی دعوت دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔خبر رساں اداروں کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ایک مشیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روس کی جانب سے بات چیت کو باضابطہ شکل دینے کی پیشکش مثبت پیش رفت ہے، تاہم یورپی ممالک اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ مذاکرات میں ان کا مؤقف یوکرین اور امریکا کے مؤقف سے ہم آہنگ ہو۔فرانسیسی صدارتی مشیر کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری ہے کہ مذاکرات میں شریک تمام فریق ایک دوسرے کے مؤقف سے آگاہ ہوں اور ان کے درمیان اتفاق رائے موجود ہو۔ یورپی رہنما چاہتے ہیں کہ یوکرین جنگ کے حل سے متعلق کسی بھی سفارتی عمل میں انہیں محض رسمی طور پر نہیں بلکہ مکمل کردار دیا جائے۔یہ پیش رفت چین کے شہر شینزن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی غیر معمولی سربراہی ملاقات کے بعد سامنے آئی۔

روسی صدر پیوٹن نے اس موقع پر کہا تھا کہ ماسکو نے یورپی رہنماؤں کو مذاکرات کے لیے روس آنے کی دعوت دی ہے تاکہ ان کا مؤقف سنا جا سکے۔ ان کے مطابق یورپی رہنماؤں کا مؤقف جاننے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں یوکرین سے متعلق مذاکرات میں کس طرح شامل کیا جا سکتا ہے۔دوسری جانب یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اپنے دورۂ برلن کے دوران یورپی رہنماؤں کے ماسکو جانے کے امکان کو غلطی قرار دیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ یورپ کو تیسرے ممالک میں ہونے والے مذاکرات میں ضرور شامل کیا جانا چاہیے تاکہ یوکرین کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں یورپی ممالک کا کردار برقرار رہے۔

یوکرین پر روسی حملے جاری، متعدد افراد ہلاک

سفارتی رابطوں اور مذاکرات کی کوششوں کے باوجود یوکرین میں روسی حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ یوکرینی حکام کے مطابق روس نے رات بھر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا، جن میں دارالحکومت کیف، لویو، زاپوریژیا اور خارکیف شامل ہیں۔کیف کے میئر ویتالی کلِچکو کے مطابق دارالحکومت میں حملوں کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔ حملوں کے باعث شہر میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی، جبکہ دریائے دنیپرو پر قائم تین پلوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔لویو کے گورنر کے مطابق شہر کے مضافات میں واقع مسافر ٹرین اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے، جبکہ زاپوریژیا کے علاقے میں بھی ایک شخص جان سے گیا۔ شمال مشرقی شہر خارکیف میں ایک اسپتال کو نقصان پہنچنے کی اطلاع دی گئی ہے۔روسی فوج نے ان حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں بڑے پیمانے کی کارروائی قرار دیا۔ ماسکو کے مطابق میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے مختلف علاقوں میں فوجی صنعتی مراکز اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔

کریمیا پل پر حملے کے جواب میں کارروائیاں سخت کرنے کا اعلان

چین میں امریکی اور چینی صدور سے ملاقات کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا تھا کہ یوکرین کی جانب سے کریمیا کے پل پر حملے کے جواب میں روسی کارروائیاں مزید سخت کی جائیں گی۔ انہوں نے خبردار کیا تھا کہ روس کا جواب پہلے سے زیادہ تکلیف دہ ہوگا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی صدر پیوٹن سفارتی طریقے سے جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کے امکانات موجود ہیں اور امن معاہدہ طے پانے کا حقیقی موقع بھی موجود ہے۔ٹرمپ نے جنگ کے خاتمے میں رکاوٹ کی وجہ پیوٹن اور زیلنسکی کے درمیان شدید اختلافات اور باہمی نفرت کو قرار دیا۔ یوکرین کے لیے جنگ کے بعد سکیورٹی ضمانتوں سے متعلق سوال پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پہلے امن معاہدہ ہونا ضروری ہے، اس کے بعد امریکا کے کردار پر بات کی جا سکتی ہے۔