سنگاپور(خصوصی رپورٹ)دی بینک آف پنجاب (بی او پی) نے سنگاپور میں منعقدہ گلوبل ایس ایم ای فنانس ایوارڈز 2026 میں پروڈکٹ انوویشن آف دی ایئر ایشیا کا اعلی اعزاز حاصل کر لیا ، اس تاریخی کامیابی کے ساتھ بی او پی یہ اعزاز حاصل کرنے والا پاکستان کا پہلا بینک بن گیا ۔یہ اعزاز ایس ایم ای فنانسنگ کے شعبے میں بی او پی کی نمایاں پیشرفت، جدید مالیاتی سہولیات، کاروباری اداروں تک وسیع رسائی اور مالیاتی شمولیت کے فروغ میں مثر کردار کا اعتراف ہے، بالخصوص ایسے کاروباروں کو باقاعدہ مالیاتی نظام سے منسلک کرنے میں بی او پی کی کامیابی اس اعزاز کی اہم بنیاد ہے، جو ماضی میں مالیاتی سہولیات تک رسائی سے محروم رہے۔ایس ایم ای فنانسنگ کے شعبے میں بی او پی کی کارکردگی اس نمایاں تبدیلی کا ثبوت ہے، پاکستان کے بینکنگ شعبے کے ایس ایم ای قرض داروں میں 48 فیصد حصہ، یعنی تقریبا 153,000 کاروبار، جو ملک بھر میں ہر دو کاروباروں میں سے تقریبا ایک کی نمائندگی کرتے ہیں۔ایس ایم ای قرض داروں کی تعداد میں 397 فیصد اضافہ، جبکہ بینکنگ انڈسٹری میں یہ شرح 73 فیصد رہی، اس دوران 122,000 سے زائد نئے قرض داروں کو مالی سہولیات فراہم کی گئیں۔ایس ایم ای فنانسنگ پورٹ فولیو 230 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو دسمبر 2024 کے مقابلے میں 146 فیصد اضافہ ہے اور ملک کی مجموعی ایس ایم ای فنانسنگ کا تقریبا 25 فیصد بنتا ہے، دسمبر 2024 سے اب تک نئے قرض داروں کو 164 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کی گئی، جس سے کاروباری طبقے کیلئے رسمی مالیاتی سہولیات تک رسائی میں نمایاں اضافہ ہوا۔