پاکستانی پرامن لوگ ، جارحیت یا ایسی کسی قسم کی دھمکی کو قبول نہیں کریں گے، فرانس میں پاکستان کی سفیر کی گفتگو
پیرس(آئی این پی )فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا ایک بڑی تباہی سے بچ گیا، پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت کے نتیجے میں بڑی تباہی ہوسکتی تھی۔ممتاز زہرا بلوچ نے پاک بھارت کشیدگی سے متعلق فرانسیسی اخبار کو انٹرویو میں کہا ہے کہ بھارتی وزیرِاعظم مودی کی تقریر اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ آج کا بھارت اب گاندھی کا بھارت نہیں رہا، یہ بھارت اپنے پڑوسی کے خلاف جارحانہ رویہ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے بار بار کہا کہ وہ امن چاہتا ہے اور پاکستانی پرامن لوگ ہیں لیکن جارحیت یا ایسی کسی قسم کی دھمکی کو قبول نہیں کریں گے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ 10 مئی کو جنگ بندی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک سنگین تصادم کا خاتمہ کیا،ا لیکن دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان توازن اب بھی غیر یقینی ہے۔