لاہور پولیس کے دو راشی اہلکار گرفتار

 خرم شہزاد اور راشد وسیم نے شہری سے ایک لاکھ روپے رشوت طلب کی،شہری کو ہراساں کیا:ڈی آئی جی آپریشنز
اہور(کرائم رپورٹر) رشوت طلبی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ دونوں اہلکاروں کے خلاف تھانہ راوی روڈ میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکاروں خرم شہزاد اور راشد وسیم نے مبینہ طور پر ایک شہری سے ایک لاکھ روپے رشوت طلب کی۔ملزمان نے کھلونا پستول کے سامان کو آتش بازی کا مواد قرار دے کر شہری کو ہراساں کیا اور دباؤ میں لانے کی کوشش کی۔ گرفتار اہلکار خرم شہزاد پنجاب کانسٹیبلری جبکہ راشد وسیم چوکی راجہ مارکیٹ میں تعینات تھا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور دباؤ کا نشانہ نہیں بننے دیا جائے گا۔ اختیارات کا غلط استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس میں احتساب اور خود احتسابی کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے، محکمہ پولیس میں بدعنوانی اور کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔