انقرہ: ترکیہ نے دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے اپنا پہلا بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ’’بائراکتار قزل ایلما‘‘ (Bayraktar Kızılelma) باضابطہ طور پر ترک سکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں تین طیارے فوجی انوینٹری کا حصہ بنائے گئے ہیں۔
ترک دفاعی کمپنی بائیکار (Baykar) کے مطابق تینوں طیاروں نے حوالگی سے قبل قبولیت کے لیے درکار تکنیکی اور عملی تجربات کامیابی سے مکمل کیے، جس کے بعد 19 نومبر کو انہیں ترک سکیورٹی فورسز کے سپرد کر دیا گیا۔کمپنی نے اس پیش رفت کو ترکیہ کی دفاعی صنعت کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ بائیکار کا دعویٰ ہے کہ قزل ایلما دنیا کا پہلا بغیر پائلٹ لڑاکا طیارہ ہے جسے باقاعدہ فوجی سروس میں شامل کیا گیا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی طیارے کی فوجی انوینٹری میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے تاریخی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک عظیم خواب کی تعبیر کا دن ہے اور انہیں امید ہے کہ بائراکتار قزل ایلما ترک فوج کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ملک کی فضائی دفاعی صلاحیت میں بھی اضافہ کرے گا۔
قزل ایلما کی تکنیکی خصوصیات
بائراکتار قزل ایلما جیٹ انجن سے چلنے والا بغیر پائلٹ جنگی طیارہ ہے، جسے فضائی لڑائی اور زمینی اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس طیارے کو ترک کمپنی بائیکار نے اپنے وسائل سے ڈیزائن اور تیار کیا ہے۔کمپنی کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق قزل ایلما کی زیادہ سے زیادہ رفتار آواز کی رفتار کے تقریباً 90 فیصد، یعنی میک 0.9 تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ یہ مسلسل تین گھنٹے سے زائد پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔طیارے کی لمبائی تقریباً 14.5 میٹر اور پروں کا پھیلاؤ 10 میٹر ہے، جبکہ اس کا زیادہ سے زیادہ ٹیک آف وزن 8.5 ٹن بتایا گیا ہے۔ اسے مختلف نوعیت کے فضائی اور زمینی اہداف کے خلاف ہتھیار استعمال کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
2022 میں پہلی کامیاب پرواز
بائیکار کے مطابق قزل ایلما منصوبے کے تحت اب تک آزمائشی اور تربیتی سرگرمیوں میں مجموعی طور پر 600 پروازیں مکمل کی جا چکی ہیں۔ اس طیارے نے اپنی پہلی کامیاب پرواز 14 دسمبر 2022 کو کی تھی، جس کے بعد اس کی تکنیکی صلاحیتوں کو جانچنے اور بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔تین طیاروں کی ترک سکیورٹی فورسز کو حوالگی کو اس طویل آزمائشی عمل کا اہم مرحلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ان طیاروں کی عملی تعیناتی، مخصوص فوجی یونٹس میں شمولیت اور مختلف فوجی مشنز کے لیے دستیابی سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئی ہیں۔