پاکستان کے معروف یوٹیوبر ڈکی بھائی کے والد ڈاکٹر ذوالفقار حبیب نے والدین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو مقبول ویڈیو گیم ’’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘‘ (جی ٹی اے 6) کھیلنے سے روکیں اور ان کی گیمنگ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔
حال ہی میں جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں ڈاکٹر ذوالفقار حبیب نے جی ٹی اے 6 میں موجود مختلف منفی عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اس گیم میں تشدد، گالم گلوچ، گاڑیوں کی چوری، پولیس پر فائرنگ اور غیر اخلاقی مناظر شامل ہیں، جو کم عمر بچوں کی ذہنی اور اخلاقی تربیت پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بچے ویڈیو گیمز کھیلتے ہوئے اکثر ورچوئل دنیا میں اس قدر مگن ہو جاتے ہیں کہ انہیں کھیل اور حقیقی زندگی کے درمیان فرق کا احساس کم ہونے لگتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ اس بات کا خیال رکھیں کہ ان کے بچے کس نوعیت کی گیمز کھیل رہے ہیں اور ان پر کتنا وقت صرف کر رہے ہیں۔ڈاکٹر ذوالفقار حبیب نے خدشہ ظاہر کیا کہ جی ٹی اے 6 جیسی گیمز میں زیادہ وقت گزارنے سے بچوں کی روزمرہ زندگی اور معمولات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچے گیم کھیلنے میں مصروف رہتے ہوئے نماز کے اوقات کو بھی نظرانداز کر سکتے ہیں۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کی آن لائن اور گیمنگ سرگرمیوں کی نگرانی کریں اور انہیں ایسی گیمز کھیلنے کی اجازت دینے سے پہلے ان کے مواد اور ممکنہ اثرات کا جائزہ ضرور لیں۔ ان کے مطابق بچوں کی تربیت اور ان کی سرگرمیوں کے حوالے سے والدین کی ذمہ داری بہت اہم ہے۔ڈاکٹر ذوالفقار حبیب کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آئے ہیں۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو نامناسب مواد سے دور رکھنا والدین کی ذمہ داری ہے، جبکہ کچھ صارفین نے ڈکی بھائی کے ماضی میں گیمنگ سے وابستہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ تبصرے بھی کیے۔