آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے بال ٹیمپرنگ تنازع کے معاملے پر کپتان پیٹ کمنز کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر انہیں کپتانی سے ہٹایا گیا تو وہ خود بھی ٹیم میں اپنے مستقبل کے حوالے سے سوچنے پر مجبور ہوں گے۔
ہیزل ووڈ نے اپنے کپتان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر حال میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔نیوز کارپ کو دیے گئے انٹرویو میں جوش ہیزل ووڈ نے 2018 میں جنوبی افریقا کے دورے کے دوران پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق اپنے مؤقف کی وضاحت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس وقت سینڈ پیپر کے استعمال یا گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے کسی منصوبے کا علم نہیں تھا اور نہ ہی وہ اس معاملے میں کسی منصوبہ بندی کا حصہ تھے۔ہیزل ووڈ کے مطابق گزشتہ چند روز سے مختلف حلقوں کی جانب سے پیٹ کمنز کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، تاہم وہ اپنے کپتان کی حمایت جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمنز نے گزشتہ پانچ سے چھ برسوں کے دوران آسٹریلوی ٹیم کو بہترین انداز میں متحد رکھا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ ماضی میں پیش آنے والے بال ٹیمپرنگ جیسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔آسٹریلوی فاسٹ بولر نے واضح کیا کہ اگر پہلے ٹیسٹ میچ میں پیٹ کمنز کپتان نہیں ہوئے تو ان کے لیے یہ صورتحال قابل قبول ہونا مشکل ہوگا۔ ایسی صورت میں وہ بھی اپنے کرکٹ مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے پر غور کرسکتے ہیں۔
2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر بات کرتے ہوئے ہیزل ووڈ نے آسٹریلوی بیٹر کیمرون بینکرافٹ کے حالیہ بیان میں بعض تضادات کی نشاندہی بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے فوری بعد ہونے والی پوچھ گچھ کے دوران انہوں نے اپنا مؤقف واضح کردیا تھا اور انہیں مکمل یقین ہے کہ وہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے کسی منصوبے میں شامل نہیں تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ کیمرون بینکرافٹ نے اپنے بیان میں کہیں واضح طور پر یہ نہیں کہا کہ اس نے سینڈ پیپر استعمال کرنے کے منصوبے کے بارے میں بولرز کو آگاہ کیا تھا۔ ہیزل ووڈ کے مطابق اس معاملے میں ان کا مؤقف ابتدا ہی سے واضح اور یکساں رہا ہے۔جوش ہیزل ووڈ نے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر عائد پابندیوں کو بھی غیر معمولی قرار دیا اور کیمرون بینکرافٹ کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا۔