نئے صوبوں کے معاملے پر سندھ کے حالات خراب کرنے کی باتیں ذاتی ایجنڈا ہے، خواجہ آصف

نئے صوبوں کے معاملے پر سندھ کے حالات خراب کرنے کی باتیں ذاتی ایجنڈا ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو بنیاد بنا کر سندھ کے حالات خراب کرنے کی باتیں کرنا ذاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے مترادف ہے۔

 سیاسی قیادت کو اس اہم قومی معاملے پر ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر بات چیت اور اتفاق رائے پیدا کرنا چاہیے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ سیاسی مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔ اس معاملے پر سندھ میں حالات خراب ہونے یا خون خرابے کی باتیں کرنا مناسب نہیں، کیونکہ سیاسی معاملات کو محاذ آرائی کے بجائے بات چیت سے آگے بڑھانا چاہیے۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے تاحال کوئی اعتراض یا تحفظات سامنے نہیں آئے۔ وزیراعظم شہباز شریف بھی اس معاملے کو آگے بڑھا رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام جیسے اہم قومی معاملے پر تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔خواجہ آصف نے بتایا کہ وزیراعظم اس سلسلے میں صدر مملکت سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے کوئی نہ کوئی قابل قبول راستہ ضرور تلاش کرلیا جائے گا۔ اگر پاکستان پیپلز پارٹی اس معاملے پر اتفاق نہیں کرتی تو بھی دیگر ممکنہ راستوں اور متبادل تجاویز پر غور کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات میں تمام راستے بند کردینا ملک، سیاست اور عوام کے مفاد میں نہیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں انتظامی اور آئینی ضروریات کے تحت نئے صوبے یا انتظامی یونٹس قائم کیے جاتے ہیں، لہٰذا پاکستان میں بھی اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جب نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر خون خرابے کی باتیں کی جاتی ہیں تو یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ایسے بیانات کے ذریعے معاملے کو کس سمت لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سیاسی قیادت کو چاہیے کہ وہ ایسے بیانات سے گریز کرے جو کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث میں بعض سیاستدانوں کے ذاتی ایجنڈے بھی سامنے آرہے ہیں، تاہم قومی اہمیت کے حامل فیصلے ذاتی اور سیاسی مفادات کے بجائے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جانے چاہئیں۔

پاکستان میں حکومتی نظام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ملک میں ہائبرڈ نظام حکومت کام کر رہا ہے اور اس نظام میں ان کے علاوہ بھی دیگر شراکت دار موجود ہیں۔