اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے غزہ اور فلسطین کے حوالے سے امید افزا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام سے خطے میں صورتحال بہتر ہو جائے گی۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ غزہ کے حوالے سے امید کی کرن نظر آ رہی ہے اور توقع ہے کہ چند دنوں میں حالات واضح ہوں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ اہل فلسطین کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور عالمی برادری کو یہ پیغام جا رہا ہے کہ آزاد فلسطین کا قیام لازم و ضروری ہے۔ ان کے مطابق تاریخ میں فلسطینی عوام نے اتنی قربانیاں دی ہیں جتنی کسی اور قوم نے نہیں دیں۔انہوں نے بھارت کے حوالے سے بھی تنبیہ کی اور کہا کہ بھارت نے ایک ایڈونچر کیا تھا جس میں اسے ذلت کا سامنا کرنا پڑا، اور اگر بھارت دوبارہ کوئی اشتعال انگیزی کرے گا تو اسے شدید رسوائی کا سامنا ہوگا۔ وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کسی بھی موقع پر بھارت کو عبرت کا نشان بنا سکتا ہے، اور تاریخ میں پہلے بھی ایسا ہو چکا ہے۔خواجہ آصف کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نہ صرف فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھے گا بلکہ اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے کسی بھی خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔