آئی ایل ٹی 20 کا پانچواں سیزن آج سے شروع، بابر اعظم اور شاداب خان بھی میدان میں اتریں گے

 آئی ایل ٹی 20 کا پانچواں سیزن آج سے شروع، بابر اعظم اور شاداب خان بھی میدان میں اتریں گے

 انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 (آئی ایل ٹی 20) کے پانچویں سیزن کا آغاز آج 21 نومبر سے متحدہ عرب امارات میں ہو رہا ہے، جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے نامور کرکٹرز ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

 پاکستانی اسٹارز بابر اعظم اور شاداب خان بھی ایونٹ کا حصہ ہوں گے، جبکہ لیگ میں چھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔ایونٹ کا افتتاحی مقابلہ دفاعی چیمپئن ڈیزرٹ وائپرز اور گزشتہ سیزن کی رنر اپ ایم آئی ایمریٹس کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ افتتاحی تقریب پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے جبکہ میچ رات 8 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوگا۔ ایونٹ میں پاکستانی کرکٹ شائقین کی خصوصی توجہ بابر اعظم اور شاداب خان پر ہوگی۔ بابر اعظم ڈیزرٹ وائپرز جبکہ شاداب خان بھی اسی فرنچائز کی نمائندگی کریں گے۔ ان کے علاوہ نسیم شاہ سمیت کئی عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی بھی لیگ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔لیگ کے حوالے سے ایم آئی ایمریٹس کے اسٹار اسپنر راشد خان نے اسے اماراتی کرکٹ کی ترقی کے لیے اہم پلیٹ فارم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس لیگ کے ذریعے مقامی کھلاڑیوں کو عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے، تجربہ حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتیں بہتر بنانے کے مواقع ملتے ہیں۔دوسری جانب شارجہ واریئرز کے کپتان سکندر رضا نے ایسوسی ایٹ ممالک کے کھلاڑیوں کو لیگ میں موقع دینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا۔

ایونٹ میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی پہلی مرتبہ آئی ایل ٹی 20 میں شرکت کریں گے اور دبئی کیپٹلز کی نمائندگی کریں گے، جبکہ ہینرک کلاسن گلف جائنٹس کی قیادت کریں گے۔ اس کے علاوہ راشد خان، نکولس پورن، معین علی، سنیل نارائن، فل سالٹ، جونی بیئرسٹو، ڈیوڈ ملر اور لیام لیونگ اسٹون سمیت کئی بڑے نام بھی ایکشن میں ہوں گے۔آئی ایل ٹی 20 کے پانچویں سیزن میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، جن کی میزبانی دبئی، ابوظہبی اور شارجہ کے کرکٹ اسٹیڈیم کریں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 20 دسمبر کو دبئی میں ہوگا۔کمنٹری کے فرائض انجام دینے کے لیے بھی سابق اور موجودہ کرکٹ کے بڑے ناموں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، جن میں پاکستان کے وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر شامل ہیں، جبکہ بریٹ لی، نوجوت سنگھ سدھو، رابن اتھپا اور ایان بشپ بھی کمنٹری پینل کا حصہ ہوں گے۔