پنجاب میں لاپتہ خواتین کی بازیابی کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب کو طلب کر لیا

پنجاب میں لاپتہ خواتین کی بازیابی کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب کو طلب کر لیا

لاہور: پنجاب پولیس لاپتہ خواتین کی بڑی تعداد کو بازیاب کروانے میں تاحال ناکام ہے، لاہور ہائیکورٹ نے لاپتہ خواتین کی بازیابی سے متعلق کیس سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے آئی جی پنجاب سمیت متعلقہ پولیس افسران کو طلب کر لیا ہے۔

کیس کی سماعت 24 نومبر کو ہوگی۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے پنجاب سے لاپتہ خواتین کی بازیابی سے متعلق کیس 24 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے، جس کے بعد عدالت کی جانب سے کاز لسٹ بھی جاری کردی گئی ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم سائلہ سلمیٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کریں گی۔ عدالت نے کیس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کو طلب کر رکھا ہے، جبکہ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب سمیت دیگر متعلقہ پولیس افسران بھی عدالت میں پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر میں لاپتہ ہونے والی 429 خواتین کی بازیابی تاحال باقی تھی۔ خواتین کی عدم بازیابی پر پولیس کی کارکردگی سے متعلق سوالات اٹھائے گئے ہیں۔24 نومبر کو ہونے والی سماعت میں عدالت پولیس حکام سے لاپتہ خواتین کی بازیابی کے لیے کیے گئے اقدامات، اب تک ہونے والی پیش رفت اور باقی خواتین کی تلاش سے متعلق تفصیلات طلب کرے گی۔