لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستانی فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی 43ویں برسی 23نومبرکو منائی جائے گی اس سلسلے میں فلمی حلقوں اور ان کے مداحوں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد2اکتوبر 1938ء کو کراچی کے معروف فلم ڈسٹری بیوٹر نثار مراد کے گھر پیدا ہوئے۔وحید مراد پاکستانی فلم انڈسٹری کے رومانٹک اور سٹائلش ہیرو تھے وہ دلوں پر حکمرانی کا وصف جانتے تھے بطور اداکار ان کا انداز اور گانوں کی پکچرائزیشن لائق تحسین تھا جسے بھارت کی فلم انڈسٹری میں بھی نقل کیا جاتا رہا ہے۔برصغیر میں دلیپ کمار کے بعد وحید مراد واحد فلمی ہیرو تھے جن کے ہیئر سٹائل کو سب سے زیادہ نوجوان نسل نے نقل کیا انہوں نے بطور فلم ساز بھی خدمات انجام دیں بطور فلم ساز ان کی دو فلموں ’’ انسان بدلتا ہے ‘‘ اور ’’ جب سے تمہیں دیکھا ہے ‘‘ نے ریکارڈ بزنس کیا ان فلموں کی بدولت وحید مراد شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے۔وحید مراد اداکار کے ساتھ ساتھ مصنف اور فلم ساز بھی تھے بطور اداکار ان کی مقبول ترین ہیروئین زیبا،دیبا،رانی،صاعقہ جوڑی فلم کی کامیابی کی ضامن تھیں۔وحید مراد کی شاہکار فلموں میں ہیرا ور پتھر،بہارو پھول برسائو،مستانہ ماہی،ناگ منی،ثریا بھوپالی،دیور بھابھی،انجمن،سالگرہ اور ارمان نمایاں ہیں ۔وحید مراد کی آخری فلم ’’ ہیرو ‘‘ تھی جو کہ ان کی وفات کے بعد 1985ء میںریلیز ہوئی وحید مراد فلم انڈسٹری کے خوبصورت،خوش لباس،خوش اخلاق اور جازب نظر شخصیت کے مالک تھے وہ 23نومبر 1983ء کو دل کے دورے کے باعث انتقال کر گئے ان کی عمر 45برس تھی۔