اقوامِ متحدہ کے ای گورنمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی 17 درجے بہتری،119ویں نمبر پر آگیا

 ای گورنمنٹ انڈیکس میں  31 درجے بہتری وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشن وژن کا ثبوت ہے،وفاقی وزیر شزہ فاطمہ
 اسلام آباد(آئی این پی )اقوامِ متحدہ کے ای گورنمنٹ انڈیکس 2026 میں پاکستان کی 17 درجے بہتری ہوگئی۔اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ای گورنمنٹ انڈیکس 2026 میں 119ویں نمبر پر آ گیا اورچار سال میں پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں 31 درجے بہتری ہوئی ہے،اس طرح پاکستان کا ای گورنمنٹ انڈیکس اسکور 23 فیصد اضافے کے ساتھ 0.6264 ہو گیا۔شہریوں کی آن لائن سہولت کے حوالے سے پاکستان نے جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ اسکور حاصل کر لیا۔  وفاقی وزیر برائے  آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے اس حوالے سے  کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ای گورنمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی 31 درجے بہتری وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشن وژن کا ثبوت ہے،وفاقی اور صوبائی اداروں کی مسلسل کوششوں سے عوامی خدمات آن لائن منتقل اور ڈیجیٹل رابطوں کا دائرہ وسیع ہو رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل گورننس میں پیش رفت کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔