شہباز شریف کو 2 بار وزیر اعظم بنوایا، چاہتا ہوں 5 سال پورے کریں بلاول بھٹو

 پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بڑی مشکل سے بچایا گیا، ‘ وزیراعظم کو معاشی مشکلات سے ملک کو نکالنے کیلئے اقدامات کرنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا‘ امید ہے اپنی آئینی مدت پوری کرنے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بنیں گے
ملک اس وقت ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے ‘ آنے والے دنوں میں معاشی مشکلات بڑھنے کا خدشہ ہے‘سیاست دانوں اور حکمرانوں نے عوامی مسائل اور ان کی تکالیف پر توجہ دینا چھوڑ دی ہے:کراچی میں خطاب
کراچی(آئی این پی‘آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ہم  نے 2 دفعہ شہباز شریف کو وزیر اعظم بنوایا، چاہتے ہیں وہ اپنے پانچ سال پورے کریں‘   وزیراعظم کو موقع نہیں دیا گیا وہ عوامی مسائل پر فوکس کریں۔شہرِ قائد میں ویٹ سپورٹ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایران جنگ کے معاشی اثرات، پاکستان کا ہر شہری جنگ کا بوجھ اٹھا رہا ہے، عوام کو ریلیف دینا پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ ایران جنگ کے باعث پاکستان سمیت دنیا بھر کے عوام کو مہنگائی اور معاشی مشکلات کا سامنا ہے، جنگ کا معاشی بوجھ پاکستان کا ہر شہری اپنے کندھوں پر اٹھا رہا ہے، معاشی بحران کے باعث ڈیزل اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ جنگ کے خاتمے تک عوام کی مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ میں نے اپنی زندگی میں اس سے زیادہ مشکل وقت نہیں دیکھا، خطے میں اب تک امن کا کوئی معاہدہ نظر نہیں آ رہا اور پوری دنیا میں حکومتوں کی توجہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ افسوس ہے کہ پاکستان میں عوامی مسائل پر توجہ دینے کی روایت ختم ہوتی جا رہی ہے، تاہم پیپلزپارٹی کا آج بھی فوکس محدود وسائل میں عوام کی مدد اور انہیں ریلیف فراہم کرنا ہے، انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا مشکل معاشی دور نہیں دیکھا‘ خطے میں جنگی صورتحال ہے اور امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کا معاشی بوجھ بھی پاکستان کے ہر شہری کو اٹھانا پڑ رہا ہے۔ انہیں فی الحال خطے میں کسی امن معاہدے کے امکانات نظر نہیں آرہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا بھر کی حکومتیں اس بات پر توجہ دے رہی ہیں کہ معاشی بحران کے دوران اپنے عوام کو کس طرح ریلیف فراہم کیا جائے، لیکن پاکستان میں شہری مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا سامنا کر رہے ہیں۔ عوام کو ڈیزل، بجلی اور گیس کے بلوں کی صورت میں بھی بھاری معاشی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست دانوں اور حکمرانوں نے عوامی مسائل اور ان کی تکالیف پر توجہ دینا چھوڑ دی ہے، حالانکہ سب جانتے ہیں کہ عام آدمی کن معاشی مشکلات سے گزر رہا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بڑی مشکل سے بچایا گیا، جبکہ وزیراعظم کو معاشی مشکلات سے ملک کو نکالنے کے لیے اقدامات کرنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وہ دو مرتبہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے میں کردار ادا کر چکے ہیں اور اب بھی وزیراعظم کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی کامیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شہباز شریف اپنی آئینی مدت پوری کرنے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بنیں۔