کاروباری اداروں کو چار سال کے دوران اپنی پیداوار کا کم از کم 50 فیصد برآمد کرنا ہوگا:اقتصادی رابطہ کمیٹی
اقلیتی بہبود فنڈ کیلئے 10 کروڑ، دانش سکولز کے آپریشنل اخراجات کے لئے 50 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری
اسلام آباد( آن لائن ) وفاقی حکومت نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے لیے برآمدات کے فروغ کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایکسپورٹ فنانسنگ پالیسی میں اہم تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے طویل مدتی ایکسپورٹ گروتھ فنانسنگ سہولت کے تحت برآمدات کی لازمی شرط 80 فیصد سے کم کرکے 50 فیصد کرنے کی منظوری دے دی، جس کے تحت متعلقہ کاروباری اداروں کو چار سال کے دوران اپنی پیداوار کا کم از کم 50 فیصد برآمد کرنا ہوگا، جبکہ اس حوالے سے چھ ماہ بعد پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں قومی اقتصادی اقدامات کے منصوبوں کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی بھی منظوری دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اقلیتی بہبود فنڈ کے لیے 10 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کرلی۔ اعلامیے کے مطابق اس رقم سے اقلیتی برادری کے مستحق افراد کی مالی معاونت، تعلیمی وظائف، یتیم بچیوں کے شادی اخراجات اور ہنگامی حالات میں امداد فراہم کی جائے گی، جبکہ اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی مرمت اور بحالی کے لیے بھی فنڈز استعمال کیے جائیں گے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پنجاب رینجرز کے زیر استعمال ہیلی کاپٹرز کے اسپیئر پارٹس کی خریداری کے لیے 2 کروڑ 65 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کرلی۔ اسی طرح فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے زیر استعمال ہیلی کاپٹرز کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے 6 کروڑ 70 لاکھ روپے کے اضافی فنڈز کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں سوشل میڈیا پروٹیکشن اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی اور سوشل میڈیا کمپلینٹ کونسل کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 10 کروڑ روپے منظور کیے گئے۔