دونوں ممالک کو دوست سمجھتے ہیں‘دونوں کے درمیان بات چیت علاقائی امن وسلامتی کیلئے ضروری ہے
افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ مشترکہ مقصد ہونا چاہیے:ترجمان وزارت خارجہ ماریہ زخارووا
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)) روس نے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی۔روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخارووا نے پاکستان کو جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کا اہم شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں علاقائی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔نجی ٹی کی نمائندے کے سوالات کے جواب میں ماریہ زخارووا نے کہا کہ اگر اسلام آباد اور کابل دونوں درخواست کریں تو ماسکو مذاکرات کے انعقاد میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ روس پاکستان اور افغانستان کو دوست ممالک سمجھتا ہے اور دونوں کے درمیان بات چیت کو علاقائی امن و سلامتی کے لیے ضروری قرار دیتا ہے۔ماریہ زخارووا نے افغانستان میں داعش خراسان سمیت بین الاقوامی دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا افغان سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ مشترکہ مقصد ہونا چاہیے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوہرے معیار یا پوشیدہ ایجنڈے کی کوئی گنجائش نہیں۔