سمیع اللہ ملک(آخری قسط)
جوزف ٹوریگین کے مطابق موجودہ دورمیں دنیاکوبڑی طاقتوں کے واضح حلقہ ہائے اثرمیں تقسیم کرنے میں بنیادی دلچسپی روس رکھتاہے۔امریکی انتظامیہ کی قومی سلامتی کی حکمتِ عملی میں مغربی دنیاکوامریکاکے حلقہ اثرکے طورپرپیش کیے جانے کے باوجودواشنگٹن نے تائیوان کی حمایت ترک نہیں کی۔دوسری جانب لاطینی امریکامیں چین کی موجودگی بھی بیجنگ کیلئے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔یہ صورتِ حال ظاہرکرتی ہے کہ موجودہ عالمی سیاست کوجغرافیائی دائروں میں تقسیم کرنااتناآسان نہیں جتنابظاہر تصورکیاجاسکتاہے۔اگربڑی طاقتیں ایک دوسرے کیلئے مخصوص حلقہ ہائے اثرتسلیم کربھی لیں توان کے اقتصادی،عسکری اور سیاسی مفادات مختلف خطوں میں ایک دوسرے سے متصادم رہ سکتے ہیں۔گویاعالمی سیاست کی بساط پرکھینچی جانے والی لکیریں معاشی حقیقتوں اورقومی مفادات کی پیچیدگیوں کے سامنے ہمیشہ قائم نہیں رہ سکتیں۔
روس خودکوامریکااورچین کے مساوی ایک بڑی عالمی طاقت تصورکرتاہے۔اگرچہ چین کے سرکاری بیانات میں بھی روس کواسی درجے کی طاقت قراردیاجاتارہاہے،تاہم ان کے مطابق پسِ پردہ چینی ماہرین اورقیادت روس کوامریکا کے مساوی حیثیت نہیں دیتے۔ چین کے بااثرحلقے بنیادی طورپرامریکاہی کواپنے برابرکی عالمی طاقت سمجھتے ہیں۔یہ فرق اس سہ فریقی ملاقات کی سیاسی معنویت کومزیدپیچیدہ بنادیتاہے۔اگرامریکااورروس کے سربراہان چین پہنچ کرشی جن پنگ کے ساتھ مذاکرات کرتے ہیں تواس اجتماع سے دنیامیں چین کی سیاسی اہمیت بڑھ سکتی ہے۔شی جن پنگ ایک ایسے عالمی رہنماکے طورپرسامنے آسکتے ہیں جن سے ملاقات کیلئیدوسری بڑی طاقتوں کے سربراہ خود چین کارخ کرتے ہیں۔ تاہم سیاسی تجزیہ نگاراس سوال پرابھی پوری طرح قائل نہیں کہ چین اس ملاقات کے ذریعے اپنا عالمی اثرورسوخ بڑھانے کا خواہش مندبھی ہے یانہیں۔یہاں سفارتی ظواہراورحقیقی سیاسی ترجیحات کے درمیان فرق کوسمجھنا ضروری ہے۔ہربڑی طاقت ایک ہی اجتماع میں شریک ہوکربھی مختلف منزلوں کی مسافرہوسکتی ہے۔
یہ امر بھی تاریخی دلچسپی کاحامل ہے کہ ماضی میں امریکاخودیالٹاکانفرنس اوراس کے نتیجے میں پیداہونے والے سیاسی انتظامات پر تنقیدکرتارہاہے۔2000کی دہائی میں مشرقی یورپ کے دوروں کے دوران اس وقت کے امریکی صدرجارج ڈبلیوبش نے یالٹامعاہدوں کوتاریخ کاایک تاریک باب قراردیاتھا۔بش کی تنقیدکاخصوصی نشانہ پوتن تھے۔ان کا مؤقف تھاکہ روس کواپنے پڑوسی ممالک کے معاملات میں مداخلت کاکوئی حق نہیں اوراسے سوویت یونین کے ماضی کے اقدامات پرمعافی مانگنی چاہیے۔یہی وجہ ہے کہ2002ء میں لتھوانیاکے دارالحکومت ولنیئس میں خطاب کے دوران بش نے کہاتھا:’’اب کوئی نئی یالٹاکانفرنس نہیں ہونی چاہیے‘‘۔
آج تقریباایک چوتھائی صدی بعداگرپوتن امریکااورچین کے سربراہان کوایک ایسے اجتماع پرآمادہ کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں جس میں کسی حد تک یالٹاکی جھلک دکھائی دے،تو یہ روس کیلئیایک اہم علامتی سفارتی کامیابی ہوگی،خواہ اس ملاقات سے کوئی ٹھوس معاہدہ سامنے نہ آئے۔عالمی سیاست کایہ پہلوبھی قابلِ غورہے کہ حکومتیں بدلنے کے ساتھ بعض اوقات ان اصولوں کی تعبیربھی بدل جاتی ہے جنہیں کبھی خارجہ پالیسی کی بنیاد قراردیاجاتاتھا۔
یالٹاسے شینژن تک پھیلی ہوئی اس سیاسی بحث میں ایک بنیادی اخلاقی سوال بھی مضمرہے:کیاقوت کی فراوانی کسی ریاست کویہ اختیارعطاکرتی ہے کہ وہ دوسری اقوام کی تقدیرکا فیصلہ ان کی رضامندی کے بغیرکرے؟اسلامی تصورِسیاست میں عدل محض ایک اخلاقی فضیلت نہیں بلکہ اجتماعی نظم ونسق کی اساس ہے۔اقتدارکی عظمت اس کے غیرمحدوداستعمال میں نہیں،بلکہ اس کے عادلانہ اورذمہ دارانہ استعمال میں پوشیدہ ہے۔اس اصول کی روشنی میں عالمی امن کاحقیقی مفہوم محض بڑی طاقتوں کے درمیان جنگ نہ ہونے کانام نہیں،بلکہ ایک ایسے منصفانہ نظام کاقیام بھی ہے جس میں کمزوراورطاقتور،دونوں کیجائز حقوق کااحترام کیاجائے۔
دنیاکی چھوٹی ریاستیں عالمی سیاست کی شطرنج کے بے جان مہرے نہیں،بلکہ اپنی تاریخ، تہذیب،قومی تشخص اورسیاسی ارادے کی حامل اقوام ہیں۔طاقت اوراختیارکواگرعدل اور اخلاقی ذمہ داری سے بے نیازکردیاجائے توسیاسی استحکام کاظاہری محل تعمیرتوہوسکتا ہے،لیکن اس کی بنیادوں میں محرومی،بے اعتمادی اورمزاحمت کے عناصرباقی رہتے ہیں۔
شینژن میں روس،امریکا اورچین کے سربراہان کی ممکنہ ملاقات عالمی سیاست کے مستقبل کے حوالے سے کئی اہم سوالات کوجنم دیتی ہے۔کیاتاریخ پھراپنے آپ کودہرائے گی؟ کیا یہ اجتماع جوہری ہتھیاروں میں کمی،یوکرین جنگ کے خاتمے اورعالمی کشیدگی میں تخفیف کیلئے ایک مثبت سفارتی پیش رفت ثابت ہوگا؟یایہ بڑی طاقتوں کے باہمی مفادات کی ایسی مفاہمت کاآغازبنے گاجس کے نتیجے میں چھوٹی ریاستوں کے سیاسی اختیاراورقومی خودمختاری کونئے خطرات لاحق ہوسکتے ہیں؟ان سوالات کے قطعی جوابات ابھی وقت کے پردے میں مستورہیں۔
یہ حقیقت بہرحال واضح ہے کہ روس اپنی عالمی سیاسی حیثیت منواناچاہتاہے،امریکاکیلئے یہ اجتماع ایک غیرمعمولی سفارتی موقع بن سکتاہے،چین اپنے وسیع اقتصادی وسیاسی مفادات کوسامنے رکھ کرمحتاط رویہ اختیارکیے ہوئے ہے،جبکہ یورپ اوریوکرین اپنے مستقبل سے متعلق مذاکرات میں مثرشرکت کے خواہش مند ہیں۔1945کی یالٹاکانفرنس اور موجودہ ممکنہ سہ فریقی ملاقات کے درمیان تاریخی مماثلتیں ضرورموجودہیں،لیکن بدلتے ہوئے عسکری،سیاسی اوراقتصادی حالات کے باعث دونوں کویکساں قرارنہیں دیا جاسکتا۔
تاریخ کامنصب مستقبل کی قطعی پیشگوئی کرنانہیں،بلکہ ماضی کے تجربات کی روشنی میں حال کے فیصلوں کوپرکھنے کی بصیرت عطاکرناہے۔عالمی قیادت کی حقیقی عظمت اس بات میں نہیں کہ وہ دنیاکے نقشے پراپنے حلقہ ہائے اقتدارکی لکیریں کتنی دورتک کھینچ سکتی ہے،بلکہ اس امرمیں ہے کہ وہ اقوامِ عالم کے درمیان عدل،احترام،خودمختاری اورپائیدارامن کے اصولوں کوکس حدتک فروغ دے سکتی ہے۔
یالٹاکے تاریخی تجربے سے حاصل ہونے والاسب سے اہم سبق یہی ہے کہ قوموں کی تقدیران کی مرضی کے بغیرلکھنے کی کوشش وقتی سیاسی کامیابی توبن سکتی ہے،لیکن اسے تاریخ کے حضوردائمی اخلاقی جوازحاصل نہیں ہوسکتا۔دنیاکوایک نئی یالٹاسے زیادہ ایک ایسے منصفانہ عالمی نظام کی ضرورت ہے،جہاں طاقت حق کی دلیل نہ ہو،عدل مصلحت کااسیرنہ ہو اور امن محض طاقتوروں کے مفادات کانام نہ رہ جائے۔