دنیا پھر تقسیم ہوگی؟

سمیع اللہ ملک(دوسری قسط)
امریکی اخباروال اسٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے مطابق پوتن اس ملاقات کے ذریعے یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے ایسی شرائط کی حمایت حاصل کرناچاہتے ہوں گے جوروسی مفادات سے ہم آہنگ ہوں۔تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ روسی صدراپنے امریکی اور چینی ہم منصبوں کے سامنے کون سی مخصوص تجاویزرکھنا چاہتے ہیں۔پوتن کے معاون یوری اوشاکوف نے اشارہ دیاہے کہ یوکرین کامعاملہ کسی نہ کسی صورت میں ملاقات کے ایجنڈے کاحصہ ضرورہوگا،لیکن مذاکرات کے ممکنہ موضوعات کافی الحال صرف ایک ابتدائی خاکہ موجود ہے۔
ماسکوکیلئے اس اجتماع کی اہمیت محض یوکرین جنگ کے ممکنہ تصفیے تک محدودنہیں۔روس یہ باورکرانابھی چاہتاہے کہ اسے عالمی سیاست میں تنہاکرناممکن نہیں اوربین الاقوامی نظام کی تشکیل میں اس کی حیثیت کونظاندازنہیں کیاجاسکتا۔امریکااورچین کے سربراہان کے ساتھ ایک ہی میزپربیٹھنا،روس کیلئے اپنی عالمی حیثیت کے اظہارکاایک اہم سفارتی موقع بن سکتاہے۔یہ سفارت کاری کا وہ پہلوہے جہاں کسی ملاقات کی علامتی اہمیت بعض اوقات اس کے عملی نتائج سے بھی زیادہ نمایاں ہوجاتی ہے۔روس کیلئے اگرکوئی جامع معاہدہ طے نہ بھی پائے،تب بھی تین بڑی طاقتوں کے اجتماع کاانعقادبذاتِ خودایک سفارتی کامیابی تصورکیاجاسکتاہے۔
ٹرمپ نے ممکنہ سہ فریقی ملاقات میں یوکرین کے معاملے پرگفتگوہونے کی تردیدکی ہے۔ان کے مطابق تینوں عالمی رہنماجوہری ہتھیاروں اوران میں کمی کے امکانات پرتبادلہ خیال کرسکتے ہیں۔یہ مؤقف روسی حکام کے بیانات سے مختلف دکھائی دیتاہے،جس سے ظاہرہوتاہے کہ ملاقات کے بنیادی ایجنڈے کے بارے میں ابھی مکمل اتفاقِ رائے موجود نہیں۔واشنگٹن کی امریکن یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسرجوزف ٹوریگین کے مطابق ٹرمپ کیلئے یہ ایک بڑی اورغیرمعمولی عالمی تقریب ہوگی۔انہیں یہ دعویٰ کرنے کا موقع مل سکتا ہے کہ انہوں نے دنیاکی بڑی طاقتوں کے سربراہان کوایک میزپرجمع کرکے عالمی امن کیلئے اہم کرداراداکیاہے۔
سیاست کی دنیامیں تاریخی اجتماعات محض سفارتی سرگرمیاں نہیں ہوتے،بلکہ وہ سیاسی قیادت کی شخصیت،اس کے عالمی مقام اور اس کی تاریخی میراث کی تشکیل میں بھی کردارادا کرتے ہیں۔اہم ذرائع کے مطابق امریکی کانگریس کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعدٹرمپ کی عالمی سیاسی حیثیت بھی پہلے جیسی مضبوط نہیں رہی۔ ایسے حالات میں ایک غیرمعمولی بین الاقوامی اجتماع ان کیلئیسیاسی اعتبارسے اہم ہوسکتاہے۔اس کے باوجوداصل معیاریہ ہوگاکہ یہ اجتماع عالمی تنازعات کے حل، جوہری خطرات میں کمی اوربین الاقوامی اعتمادکی بحالی کیلئیکس حد تک ٹھوس پیش رفت کاباعث بنتاہے۔محض سفارتی تصویراور حقیقی سیاسی کامیابی کے درمیان ایک طویل فاصلہ ہوتاہے۔ اس ممکنہ سہ فریقی ملاقات میں چین کی سیاسی حیثیت نہایت اہم،لیکن اس کے اغراض ومقاصد روس اورامریکا کے مقابلے میں کم واضح ہیں۔بیجنگ کوایک طرف روس کے ساتھ اپنے تعلقات اورعالمی طاقت کی حیثیت سے اپنی سیاسی اہمیت کاخیال رکھناہے،جبکہ دوسری جانب یورپ کے ساتھ وسیع تجارتی تعلقات اوراپنی بین الاقوامی ساکھ کاتحفظ بھی اس کی خارجہ پالیسی کے اہم تقاضے ہیں۔جوزف ٹوریگین کے مطابق چین ایسی کسی بات چیت کاحصہ بننے سے گریزکرناچاہتاہے جس میں یوکرین جنگ کے معاملے پریورپ کونظراندازکیاجائے۔ بیجنگ اس تاثرکوبھی زائل کرناچاہتاہے کہ وہ جنگ میں روس کی حمایت کرنے والی طاقت ہے اوراس کے نتیجے میں اس کی عالمی ساکھ متاثرہو۔
اگرچہ حالیہ برسوں میں چین کے بعض بااثرحلقوں میں یورپی یونین کی سیاسی اہمیت پہلے کے مقابلے میں کم ہوئی ہے،تاہم وسیع تجارتی مفادات کے باعث یورپ کے ساتھ اچھے تعلقات برقراررکھناچین کی ضرورت ہے۔جوہری ہتھیاروں کے معاملے پربھی بیجنگ کی سوچ محتاط ہے۔ٹوریگین کے مطابق چین اپنے جوہری پروگرام کومحدودتصورکرتاہے اور اس پروگرام سے متعلق معلومات کی محدودتشہیرکواپنے لیے فائدہ مندسمجھتاہے۔لہذایہ فرض کرلینادرست نہیں ہوگاکہ چین کسی جامع جوہری معاہدے یادنیاکی نئی سیاسی تقسیم کے منصوبے میں اسی جوش وخروش سے شریک ہوگاجس کااظہاردیگرفریقوں کی جانب سے کیاجارہاہے۔سفارت کاری میں خاموشی ہمیشہ کمزوری کی علامت نہیں ہوتی؛بعض اوقات یہ اپنے مفادات کے تحفظ،حالات کے مطالعے اورمناسب وقت کے انتظار کی حکمتِ عملی بھی ہوتی ہے۔
یالٹا کانفرنس کے حوالے سے چین کا تاریخی تجربہ بھی خوشگوار نہیں رہا۔1945میں جوزف اسٹالن نے منچوریامیں سوویت یونین کیلئے خصوصی مفادات حاصل کیے تھے،جن پرچین کواعتراض تھا۔بعدازاں 1949میں چین میں کمیونسٹ حکومت کے قیام کے بعد ما زے تنگ کوبھی احساس ہواکہ یالٹاکانفرنس میں چین کے متعلق سوویت مطالبات اس کی قومی خودمختاری اورمفادات کیلئیایک اہم مسئلہ تھے۔جوزف ٹوریگین کے مطابق یہی معاملات بعدکے برسوں میں چین اورسوویت یونین کے درمیان پیداہونے والے اختلافات کے اسباب میں بھی شامل تھے۔
یہ تاریخی پس منظرموجودہ چینی سفارتکاری کوسمجھنے میں مدددیتاہے۔ماضی میں بڑی طاقتوں کے ایسے فیصلوں سے متاثرہونے والاچین آج خودعالمی سیاست کی ایک بڑی طاقت ہے۔اس کے سامنے سوال یہ ہے کہ آیاوہ اسی سیاسی طرزِعمل کاحصہ بنناچاہے گا جس کے نتائج کبھی اسے خودبھگتناپڑے تھے۔تاریخ کایہ تجربہ اس حقیقت کاغمازہے کہ نظریاتی قربت ہمیشہ قومی مفادات کی یکسانیت کی ضمانت نہیں ہوتی۔قوموں کے باہمی تعلقات میں دوستی اوراشتراک اپنی جگہ،لیکن قومی خودمختاری،اقتصادی مفادات اور سیاسی اختیارکے سوالات اکثرنظریاتی وابستگیوں پرغالب آجاتے ہیں۔ 
تاریخی واقعات کاتقابلی مطالعہ کرتے ہوئے محض ظاہری مماثلتوں پراکتفاکرناتحقیق کے بنیادی تقاضوں سے صرفِ نظرکرنے کے مترادف ہے۔1945کی یالٹاکانفرنس اور شینژن میں متوقع ملاقات کے درمیان بعض مماثلتیں ضرورہیں،لیکن دونوں ادوارکے سیاسی اورعسکری حالات میں بنیادی اختلافات بھی موجود ہیں۔فروری1945تک سوویت افواج رومانیہ،بلغاریہ،پولینڈ،ہنگری اورچیکو سلواکیہ کے بڑے حصوں پر قبضہ کرچکی تھیں۔اسٹالن ایک ایسی عسکری قوت کے ساتھ مذاکرات کی میزپرموجودتھے جس کی طاقت کے عملی مظاہرمشرقی یورپ کے میدانوں میں نمایاں تھے۔
موجودہ روس کووہ عسکری حیثیت حاصل نہیں جویالٹاکے وقت سوویت یونین کوحاصل تھی۔روسی افواج مشرقی یوکرین کے ان تمام علاقوں پربھی مکمل کنٹرول نہیں رکھتیں جنہیں کریملن روس کاحصہ قراردے چکاہے۔دوسرابنیادی فرق یہ ہے کہ1945میں یالٹا کانفرنس میں شریک تینوں بڑی طاقتیں دوسری عالمی جنگ میں براہِ راست شریک تھیں،جبکہ موجودہ ممکنہ ملاقات میں شامل تین ممالک میں سے صرف روس یوکرین جنگ میں براہِ راست شریک ہے۔مشرقی یورپ کے حوالے سے مؤرخین آج بھی اس بحث میں مصروف ہیں کہ آیاسوویت یونین نے اس وقت کے جنگی حالات سے غیرمعمولی سیاسی فائدہ اٹھایاتھایااس کے اقدامات کواس عہدکے دوسرے عوامل کے تناظرمیں دیکھاجاناچاہیے۔ لہذ ا موجودہ ملاقات کوبعینہ یالٹاکااعادہ قراردیناتاریخی اعتبارسے درست نہیں ہوگا۔البتہ بڑی طاقتوں کے حلقہ ہائے اثرکے تصورنے دونوں ادوارکے درمیان ایک فکری اورسیاسی مماثلت ضرورپیداکی ہے۔(جاری ہے)