سمیع اللہ ملک(پہلی قسط)
تاریخِ عالم کامطالعہ اس حقیقت سے پردہ اٹھاتاہے کہ سلطنتوں کے عروج وزوال،اقوام کی سربلندی وزبوں حالی اورتہذیبوں کی شکست وریخت کے فیصلے ہمیشہ میدانِ کارزارہی میں نہیں ہوئے،بلکہ بسااوقات ایوانِ اقتدارکی خاموش راہداریوں،سفارتی مجلسوں اور مذاکرات کی میزوں پربھی قوموں کے مقدرلکھے گئے ہیں۔تلوارسے فتح کیے ہوئے علاقوں کی حدبندی قلم سے کی گئی اورمیدانِ جنگ میں بہنے والے خون کی قیمت سفارت کاری کے ترازو میں تولی گئی۔بیسویں صدی کے وسط میں بحیرہ اسودکے ساحل پرمنعقد ہونے والی یالٹاکانفرنس اسی سیاسی حقیقت کاایک عبرت انگیزاستعارہ ہے۔آج آٹھ دہائیوں سے زائدعرصہ گزرجانے کیباوجودنہ صرف اس کانفرنس کی بازگشت عالمی سیاست کے ایوانوں میں سنائی دے رہی ہے بلکہ تاریخ ایک نئے دوراہے پراسے ایک نئے اندازمیں ترتیب دے رہی ہے ۔
چین،روس اورامریکاکے سربراہان کے درمیان ایک غیرمعمولی سہ فریقی ملاقات کی تیاریوں سے متعلق اطلاعات نے عالمی سفارت کاری میں ایک نئی بحث چھیڑدی ہے۔روسی صدر ولادیمیرپوتن،امریکی صدرڈونلڈٹرمپ اورچینی صدرشی جن پنگ کی ممکنہ ملاقات کوجہاں بین الاقوامی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت کے طورپردیکھاجارہاہے،وہاں یورپ،بالخصوص یوکرین،کے سیاسی حلقوں میں اندیشہ پایاجاتاہے کہ کہیں یہ اجتماع ایک نئی یالٹاکانفرنس کاپیش خیمہ ثابت نہ ہو۔سوال محض یہ نہیں کہ دنیاکی تین بڑی طاقتوں کے سربراہ ایک میزپرکیوں جمع ہوناچاہتے ہیں؛اصل سوال یہ ہے کہ اس میزپرکن اقوام کی تقدیرزیرِبحث آئے گی،کن ریاستوں کے مفادات کوترجیح دی جائے گی اورکون سی اقوام اپنے ہی مستقبل سے متعلق فیصلوں میں اپنی آوازبلند کرنے کے حق سے محروم رہ جائیں گی۔
چارنومبرکوپوتن ماسکوکے تاریخی ریڈاسکوائرمیں اسکول کے بچوں کا ایک گروہ کے ہمراہ مرکزی نمائشی ہالمانیزمیں ایک نمائش دیکھنے پہنچے۔نمائش کے دوران پوتن ایک ایسے مجسمے کے سامنے ٹھہرگئے جس میں فروری1945کی تاریخی یالٹاکانفرنس کا منظرمجسم کیاگیاتھا۔اس مجسمے میں برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل،امریکی صدرفرینکلن ڈی روزویلٹ اور سوویت یونین کے سربراہ جوزف اسٹالن کوایک ساتھ دکھایاگیاتھا۔پوتن نے بچوں کوبتایاکہ یہ ان تین بڑی طاقتوں کے رہنماتھے جوجنگ کے بعددنیاکے نئے نظام پرگفتگوکرنے کیلئے جمع ہوئے تھے۔بظاہریہ ایک تاریخی منظرکی توضیح تھی،لیکن اس واقعے کی سیاسی معنویت اس وقت اوربھی بڑھ جاتی ہے جب معلوم ہوتاہے کہ اس سے ایک روزقبل چین کی وزارتِ خارجہ اورکریملن نے18اور19نومبرکوروسی،امریکی اورچینی صدورکی ممکنہ ملاقات کیلئے جاری بات چیت کااعلان کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق تینوں رہنماں کی چین کے شہرشینژن میں ایشیاپیسیفک اقتصادی تعاون،یعنی ایپک ،کے سربراہی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔
اکتوبرمیں جب روس کی جانب سے اس سہ فریقی ملاقات کی تجویزسامنے آئی تویورپی یونین اوریوکرین کے سیاسی حلقوں میں تشویش کی ایک لہردوڑگئی۔اس تشویش کی جڑیں موجودہ سیاسی اختلافات ہی میں نہیں بلکہ تاریخ کے ان تلخ تجربات میں بھی پیوست ہیں جن کاعنوان یالٹاہے۔اس تاریخی منظراورموجودہ سفارتی سرگرمیوں کے درمیان مماثلت غورطلب ضرورہے،تاہم اسے کسی طے شدہ خفیہ منصوبے کاقطعی ثبوت قراردیناقبل ازوقت ہوگا۔
فروری1945میں دوسری عالمی جنگ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوچکی تھی۔نازی جرمنی کی شکست کے آثارنمایاں تھے اور اتحادی طاقتوں کے سامنے جنگ کے بعدقائم ہونے والے عالمی نظام کی صورت گری کاسوال کھڑاتھا۔ایسے میں امریکا،برطانیہ اور سوویت یونین کے سربراہان بحیرہ اسودکے کنارے روسی زارکے سابق محل میں جمع ہوئے۔ اس اجتماع کامقصدجنگ کے بعدکے سیاسی انتظامات اورعالمی طاقتوں کے باہمی مفادات کاتعین کرناتھا۔جوزف اسٹالن نے جرمنی کی شکست کے بعدجاپان کے خلاف جنگ میں شامل ہونے پررضامندی ظاہرکی۔اس کے عوض مشرقی یورپ میں سوویت یونین کے اثرورسوخ کووسعت دینے پراتفاق کیاگیا۔اسی دوران مشرقی ایشیاکے متعلق ایک خفیہ معاہدہ بھی طے پایا، جس کیتحت جنوبی سخالین اورجزائرِکوریل سوویت یونین کودییجانے،چین میں سوویت بحری اڈے پورٹ آرتھرکی بحالی اور منچوریامیں سوویت یونین کو خصوصی معاشی حقوق دینے کے انتظامات کییگئے۔یہ وہ مقام تھاجہاں جنگی اتحاد کی ضرورتیں،قومی خودمختاری کے تقاضے اوربڑی طاقتوں کے استعماری مفادات ایک دوسرے سے متصادم دکھائی دیے۔
مشرقی یورپ کے سیاسی حافظے میں رفتہ رفتہ لفظ یالٹامحض ایک مقام یاکانفرنس کانام نہیں رہا،بلکہ ایک ایسے سیاسی طرزِعمل کا استعارہ بن گیاجس میں بڑی طاقتیں دنیاکواپنے حلقہ ہائے اثرمیں تقسیم کرتی ہیں اورکمزورریاستوں کے مفادات کواپنی مصلحتوں کے تابع بنادیتی ہیں۔تاریخ کایہ باب اس حقیقت کی یاددہانی ہے کہ مذاکرات کی میزپرموجود ہونااور مذاکرات کاموضوع ہونا،دویکسرمختلف سیاسی حیثیتیں ہیں۔پہلی حیثیت اختیارکی علامت ہے،جبکہ دوسری بسااوقات بے اختیاری کانوحہ بن جاتی ہے۔
آج یورپ کے سیاسی ایوانوں میں نئی یالٹاکاتذکرہ محض ایک تاریخی مماثلت کے طورپرنہیں ہورہا،بلکہ اس کے پس منظرمیں قومی خودمختاری،علاقائی سلامتی اورسیاسی اختیارکے نہایت اہم سوالات کارفرماہیں۔یوکرین کواندیشہ ہے کہ کہیں اس کی سرزمین،قومی سلامتی اورسیاسی مستقبل کے متعلق ایسے فیصلے نہ کرلیے جائیں جن میں خوداس کی رائے کوکوئی خاطر خواہ اہمیت حاصل نہ ہو۔
یوکرینی صدرولادیمیرزیلنسکی نے واضح کیاہے کہ وہ ہرگزنہیں چاہتے کہ روس،امریکااورچین کی یہ ممکنہ ملاقاتیالٹاٹو،تھری یا فورکی صورت اختیارکرلے،جہاں دنیامیں محض اثرو رسوخ کے حصے بانٹنے پرگفتگوہو۔زیلنسکی کے مطابق اگرالاسکامیں ہونے والی ملاقات کے بعدمعاملات اسی سمت میں آگے بڑھتے ہیں جس کااظہارروسی حکام ایک نئی یالٹاکی خواہش کی صورت میں کررہے ہیں،تویہ روس کی دوسری بڑی سفارتی کامیابی ہوگی۔
دوسری جانب جرمن چانسلرفریڈرک مرزنے بھی اس امرپرزوردیاہے کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے سے متعلق مذاکرات میں یورپ کی شرکت ناگزیرہے۔روس پرعائد پابندیوں ، مستقبل کے سلامتی انتظامات اورکسی بھی ممکنہ امن معاہدے کے بنیادی معاملات کافیصلہ یورپی ممالک کی شمولیت کے بغیرنہیں کیاجا سکتا۔یورپ کایہ مؤقف دراصل اس سیاسی حقیقت کااعتراف ہے کہ جس خطے کوجنگ کے نتائج بھگتناپڑیں،اسے امن کی شرائط طے کرنے کے عمل سے بے دخل نہیں کیاجاسکتا۔امن اگرمتعلقہ اقوام کی رضامندی کے بغیر مسلط کیاجائے تووہ پائیدارمصالحت کے بجائے ایک عارضی سیاسی بندوبست بن سکتاہے۔تاریخ میں ایسے بندوبست بسااو قات آنے والے تصادم کے بیج اپنے دامن میں لیے ہوئے ہوتے ہیں۔بین الاقوامی سیاست میں روس کی موجودہ سفارتی حکمتِ عملی کوسمجھنے کیلئے اس ممکنہ ملاقات کے اغراض ومقاصدکاباریک بینی سے جائزہ لینا ضروری ہے۔
(جاری ہے)