امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اسرائیل سے دوستی اور فلسطینیوں سے بے وفائی کو قبول نہیں کریں گے۔
لاہور کے مینار پاکستان پر جماعت اسلامی کے تین روزہ اجتماع عام سے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو کسی پر فوقیت حاصل نہیں ہے اور سب کے ساتھ عدل و انصاف کا نظام نافذ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں سب ایک جیسے ہیں اور کسی کو استثنیٰ نہیں دیا جائے گا، کیونکہ اللہ تعالیٰ کا نظام سب کے لیے برابر ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے وعدہ کیا کہ جماعت اسلامی ملک میں عدل اور انصاف کا نظام قائم کرے گی اور محروم، مجبور، مزدور، کسان اور نوجوانوں کی آواز بنے گی۔
انہوں نے اجتماع کے تیسرے دن لائحہ عمل کا اعلان کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا اور کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر ہم سودے بازی نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب بھارت سے جنگ ہوئی تو سب ایک ہوئے تھے۔خطاب کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے سیاست کو عبادت قرار دیا اور کہا کہ وہ فرقہ واریت کو نہیں مانتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ایک مذہبی اور دینی تحریک ہے، جس کا مقصد دین کے نظام کو قائم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی قسم کی مذہبی یا مسلکی تفریق سے بالاتر ہیں اور اتحاد و یگانگت کے پیغام کو عام کریں گے۔