لاہور(کرائم رپورٹر)غالب مارکیٹ پولیس نے انویسٹی گیشن ونگ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں ملازمت کے بہانے وارداتیں کرنے والے گروہ کے دو ملزمان بھائی اور بہن کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیجز اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ضلع ننکانہ صاحب سے ٹریس کرکے گرفتار کیا گیاایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی کے مطابق گرفتار خاتون ارم کینال پارک اور غالب مارکیٹ کے علاقے میں ایک کویت پلٹ فیملی کے گھر کام کرتی تھی۔ ملزمہ نے اپنے بھائی علی اور ماموں زاد بھائی سمیع کے ساتھ مل کر گھر میں ڈکیتی کا منصوبہ بنایا۔ چند روز قبل یہ ملزمان گھر والوں کو یرغمال بنا کر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے تھیسی سی ٹی وی فوٹیج میں دو ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے گرفتار ملزمان کے قبضے سے کویتی دینار، دو تولے سونا، نقدی اور ایک پستول برآمد کر لیا گیا ہے، جبکہ تیسرے ملزم سمیع کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ایس پی شہربانو نقوی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کا ریکارڈ متعلقہ تھانے میں لازمی درج کروائیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔