جج دھمکی کیس میں جیل ٹرائل سے متعلق خط کا جواب نہ آنے پر سماعت ملتوی
شاندانہ کیخلاف پیکا مقدمہ خارج کرنیکی درخواست، فائل چیف جسٹس کو ارسال
لاہور، اسلام آباد (خصوصی رپورٹ )لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں یاسمین راشد کی مغلپورہ میں جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں ضمانت پر سماعت ہوئی ، عدالت نے پراسیکیوشن سے مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے ضمانت بعدازگرفتاری پر سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے گئے۔جلاؤ گھیراؤ سے کوئی تعلق نہیں۔ پولیس کو جسمانی ریمانڈ کے دوران کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی عدالت ضمانت بعدازگرفتاری منظور کرے دوران سماعت پراسیکیوشن نے مقدمے کا ریکارڈ پیش نہ کیا۔عدالت نے ہر حال میں آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے مزید سماعت 22 نومبر تک ملتوی کردی۔سول جج مرید عباس کی عدالت میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس میں جیل ٹرائل سے متعلق لکھے خط کا جواب نہ آنے پر سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے پی ٹی آئی کی ایم این اے شاندانہ گلزار کے خلاف وزیر اعظم کی فیک تصویر لگانے پر پیکا کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست کو پہلے سے زیر سماعت کیس کے ساتھ یکجا کرنے کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔گزشتہ روز درخواست پر سماعت کے دوران شاندانہ گلزار اپنے وکیل معظم بٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، عدالت نے استفسار کیاکہ آپ نے حفاظتی ضمانت کروائی ہے ، جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہاکہ ایسے کرتے ہیں پھر دونوں کیسز کو یکجا کردیتے ہیں،یا دونوں کیس ہم سن لینگے۔