ہیلتھ کیئر میں ڈائریکٹر لیگل کی 1 اسامی کیلئے 5 امیدوار امتحان میں پاس
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پنجاب پولیس میں سب انسپکٹر لاہور ریجن کی 29 اسامیوں اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر لیگل کی ایک اسامی کا تحریری نتیجہ جاری کر دیا ہے، چیئرمین پنجاب پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد عبدالعزیز کی حتمی منظوری کے بعد سیکرٹری پی پی ایس سی افضال احمد نے نتائج کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پبلک سروس کمیشن نے دو تحریری نتائج کا اعلان کیا ہے ،پنجاب پولیس میں سب انسپکٹر کی 29 اسامیوں کے لیے 124 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں، اسی طرح محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں ڈائریکٹر لیگل کی ایک اسامی کے لیے پانچ امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ہیں،تحریری امتحان میں کامیاب امیدواروں کو پی پی ایس سی کی جانب سے انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔ اس حوالے سے امیدواروں کو ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع بھی دی جائے گی۔تمام نتائج کی تفصیلات پنجاب پبلک سروس کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔