سب انسپکٹر کی حتمی سمیت دیگر اسامیوں کے نتائج کا اعلان

لاہور(خصوصی رپورٹ)پنجاب پبلک سروس کمیشن ساہیوال ریجن کی سب انسپکٹر کی حتمی سمیت دیگر اسامیوں کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ سیکرٹری پی پی ایس سی نے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر)عبدالعزیز کی منظوری کے بعد کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف نارکوٹکس کنٹرول / پنجاب کائونٹر نارکوٹکس فورس، ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ میں سپرنٹنڈنٹ کی ایک اسامی پر5 امیدوار،پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ، لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ میں ای ایس ای (پی ٹی آئی)کی54 اسامیوں پر193 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوئے ، ان میں اوپن میرٹ کی 38، سپیشل پرسنز کوٹہ کی 3، اقلیتی کوٹہ کی 3 اور ویمن کوٹہ کی 10 اسامیاں شامل ہیں۔ پنجاب پولیس میں سب انسپکٹر (ساہیوال ریجن)کی 23 اسامیوں کے حتمی نتائج کا بھی اعلان کر دیا گیا۔ اوپن میرٹ کی 19، ویمن کوٹہ کی 3 اور اقلیتی کوٹہ کی ایک اسامی پر 23 امیدوارحتمی طور پر کامیاب قرار دے کر حکومت کو تقرری کیلئے سفارشات ارسال کر دی گئیں۔ کامیاب امیدواروں کوانٹرویو کے وقت اصل تعلیمی اسناد و دیگر متعلقہ دستاویزات ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کامیاب امیدواروں کی فہرستیں کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔