ای گاڑیوں کے لیے 4ارب کی سبسڈی مختص

دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی پیداوار کے لیے سبسڈی قرعہ اندازی کے ذریعے دی جائیگی،الیکٹرک وہیکلز کے لیے قرض کی فراہمی بھی آ سان بنانے کی ہدایات کی گئی ہیں،رانا تنویرحسین  
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لیے ملک میں بجلی پر چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کے لئے اقدامات کر رہے ہیں ۔ دو اور تین پہیوں پر چلنے والی گاڑیوں کی پیداوار کے لیے چار ارب رو پے کی سبسڈی مختص کی ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا دنیا بھر میں بجلی پر چلنے والی گاڑیوں کا استعمال بڑھ رہا ہے،پاکستان میں بھی بجلی پر چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کے لیے اقدامات کر رہے ہیں،الیکٹرک گاڑیوں سے کاربن کے اخراج میں کمی کے لیے عملی اقدمات کر رہے ہیں جبکہ ای گاڑیوں کے استعمال سے فضائی آلودگی پر قابو پانے میں بھی  مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار کے لیے سہولیات فراہم کر رہے ہیں ۔ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی پیداوار کے لیے چار ارب کی سبسڈی  قرعہ اندازی کے ذریعے دی جائے گی،الیکٹرک وہیکلز کے لیے قرض کی فراہمی بھی آ سان بنانے کی ہدایات کی گئی ہیں،ای گاڑیوں کی چارجنگ کے لیے پٹرول پمپس طرز پر چارجنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے ، ان چارجنگ پو ائنٹس کے قیام کے لیے سستی بجلی فراہم کی جائے گی ۔ ہنگامی طور پر چالیس چارجنگ سٹیشنوں کے قیام کی  نشاندہی کر لی گئی ہے، 2030 تک تین ہزار چارجنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے ۔