سموگ میں کمی‘سکول کھل گئے‘لاہور کاآلودگی میں دوسرا نمبر

موٹر سائیکل، گاڑی، بس اور ٹرک مالکان سموگ کے خاتمے میں  حکومت کی مدد کریں :مریم اورنگزیب

 لاہور(سپیشل رپورٹر  )لاہور سمیت ملک بھر میں سموگ کا روگ ہونا شروع ہو گیا تاہم صوبے کی فضا تاحال مضر صحت ہے جبکہ بھارت کا شہر دہلی 480 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے۔لاہور فضائی آلودگی میں  بدھ کو ایک بار پھر دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر براجمان  رہا ۔ لاہور کا اے کیو آئی339 ریکارڈ کیا گیا ‘ سموگ کی شدت میں کمی کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں، طلبہ اور اساتذہ کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے‘دریں اثناء سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے  سموگ کی صورت حال میں بہتری کے باوجود انسداد سموگ مہم بھر پور طریقے سے جاری رہے گی ،اس ضمن  میں پولیس خدمات اورعوام کا تعاون بہتر ماحول کی ضمانت ہے ‘ سکول کھلنے کے باوجود احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے ،ہر شہری اپنی ذمہ داری پوری کرے، موٹر سائیکل، گاڑی، بس اور ٹرک مالکان سموگ کے خاتمے میں مدد کریں ۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعت کار اور کارخانے دار سموگ سے نجات میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کا عوام کی رہنمائی اور شعور بیدار کرنے میں نہایت اہم کردار ہے ،ایک قوم بن کر ہم سموگ سے نجات پائیں گے