پنجاب میں سیلاب زدہ علاقوں میں سکول بند، متعلقہ ادارے الرٹ
راولپنڈی (آئی این پی )پنجاب میں گرمیوں کی 3 ماہ تعطیلات کے بعد اسکول کھل گئے۔تفصیل کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں سرکاری اور نجی اسکولوں میں تدریسی سرگرمیوں کا پیر سے پھر آغاز ہو گیا ، تعلیمی ادارے تین ماہ کی تعطیلات کے بعد کھلے ہیں۔اسکولوں میں بچوں کی ہنسی خوشی واپسی ہو گئی، تعلیمی اداروں کی رونقیں بحال ہونے کے بعد طلبہ و طالبات خوشی خوشی اسکولوں کا رخ کرتے دکھائی دئیے۔تاہم دوسری طرف پنجاب میں سیلاب زدہ علاقوں میں تاحال اسکول بند رہیں گے، ڈپٹی کمشنر منڈی بہائوالدین نے کہا ہے کہ پھالیہ میں چھٹیاں ختم ہو گئی ہیں، لیکن کئی اسکول و کالج تاحال بند رہیں گے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 17 اسکول اور ایک کالج بند رہے گا۔ڈی سی کے مطابق قادرآباد میں گرلز کالج اور ہائیر سیکنڈری اسکول بند رہیں گے، 7 پرائمری اسکول تاحکمِ ثانی بند رہیں گے، 6 گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول، 2 گرلز پرائمری اور 1 گرلز ایلیمنٹری اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سیلابی صورت حال کے باعث تدریسی عمل معطل رہے گا، اور متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے