پائیدار امن و استحکام کے حصول تک دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی، فیلڈ مارشل

پائیدار امن و استحکام کے حصول تک دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی، فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پائیدار امن و استحکام کے حصول تک پورے قومی عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوجی اعزازات دینے کی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جہاں چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران، جوانوں اور شہدا کے اہل خانہ کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور قومی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔تقریب میں 50 افسران و جوانوں کو ستارہ امتیاز (ملٹری) جبکہ 12 کو تمغۂ بسالت عطا کیا گیا۔ شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شہدا اور غازیوں کو قوم کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہر پاکستانی کے لیے مقدس امانت ہیں، جبکہ ملک میں امن و سلامتی انہی عظیم قربانیوں اور فرض شناسی کی مرہونِ منت ہے۔

انہوں نے شہدا کے خاندانوں کے حوصلے، ثابت قدمی اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور پاک فوج و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آپریشنل تیاریوں اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل کارروائیوں کو سراہا۔آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک بھر میں مکمل امن و استحکام کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت اور قومی یکجہتی کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔