بنوں: وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف اہم حکمت عملی کے فیصلے متوقع

بنوں: وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف اہم حکمت عملی کے فیصلے متوقع

بنوں: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بنوں کے اہم دورے پر ہیں جہاں وہ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز اور سیکیورٹی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پہلے ہی بنوں میں موجود ہیں جبکہ وزیر اعظم بھی بنوں پہنچ چکے ہیں۔ اس موقع پر عسکری اور سیاسی قیادت کی اعلیٰ سطحی ملاقات متوقع ہے۔ ملاقات کے دوران ملک خصوصاً خیبر پختونخوا کے قبائلی اور سرحدی علاقوں میں جاری دہشت گردی کے خلاف حکمت عملی کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق دورے کے دوران دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور ان کے تدارک کے لیے کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کی کامیابیوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مہینوں میں خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، تاہم خطے میں اب بھی دہشت گرد گروہوں کی موجودگی باعثِ تشویش ہے۔

 اس لیے توقع ہے کہ عسکری اور سیاسی قیادت دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے اور سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے سے متعلق اہم فیصلے کرے گی۔ذرائع کے مطابق دورے کے دوران مقامی انتظامیہ کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا اور شہداء کے خاندانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے علاوہ ان کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر بھی گفتگو متوقع ہے۔