سانگھڑ کے چک نمبر 81 مانگ میں غیرت کے نام پر ایک نوجوان لڑکی کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
مقتولہ کی شادی 15 روز قبل نوشکی کے علی نواز ابڑو سے ہوئی تھی، اور چند دن پہلے اسے بلوچستان سے واپس لایا گیا تھا۔پولیس کے مطابق، واقعہ میں ملوث ملزمان میں مقتولہ کے بھائی خمیسو کندانی، سسر فرید ابڑو اور ثالث احمد شاہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کا مقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج کیا جائے گا اور تمام ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرسودہ ذہنیت کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور پولیس کو چاہیے کہ شفاف تحقیقات کرے تاکہ مجرمان کو سخت سے سخت سزا دی جا سکے۔