امریکہ ایران تنازع کے خطے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں :بلاول بھٹو

عالمی برادری کے مفاد میں ہے  امریکہ ایران تنازعہ جتنا جلدی ممکن ہو حل ہونا چاہیے:سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے ملاقات میں گفتگو
 لاہور(یواین پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ماڈل ٹائون میں سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی چیئرمین بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے ۔ ملاقات میں جنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب حسن مرتضی، سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ ،سید مرتضی محمود، سید عثمان محمود، سید علی محمود، عطا ء گیلانی، خان ذکا ء اشرف اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔ملاقات میں پارٹی کے تنظیمی امور ،مجموعی سیاسی ،ملکی صورتحال اور ایران امریکہ جنگ کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔مخدوم احمد محمود نے بلاول بھٹو زرداری کو جنوبی پنجاب کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے تجویز دی کہ ملتان ،بہاولپور اوررحیم یار خان میں جلسے ہونے چاہئیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امریکہ ایران تنازعہ کے خطے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ، امریکہ ایران تنازعہ کی وجہ سے معیشت اور توانائی دبا ئومیں ہے، عالمی برادری کے مفاد میں ہے کہ امریکہ ایران تنازعہ جتنا جلدی ممکن ہو حل ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔