جنوبی ایشیا میں امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے :شہباز شریف
پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے،تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے
اسلام آباد: (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میںپائیدار امن اور خوشحالی مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے۔ جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ یہ متفقہ قرارداد برصغیر کی تاریخ کے ایک فیصلہ کن مرحلے پر جموں و کشمیر کے مسلمانوں کی اجتماعی سیاسی امنگوں کی آئینہ دار تھی، اس قرارداد میں ریاست کے پاکستان سے الحاق کی خواہش کا اظہار کیا گیا اور ڈوگرہ حکمرانوں پر زور دیا گیا کہ وہ عوام کی خواہشات کا احترام کریں، یہ قرارداد آج بھی جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی جدوجہد کا ایک اہم تاریخی سنگِ میل سمجھی جاتی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان موجود ان مضبوط اور دیرینہ رشتوں کی بھی عکاسی ہے جو مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت، جغرافیے اور باہمی وابستگی پر استوار ہیں۔ سب سے بڑھ کر، یہ اس بنیادی اصول کو اجاگر کرتا ہے کہ کشمیری عوام کی آزادانہ طور پر ظاہر کردہ خواہشات اور امنگوں کا احترام کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق، جموں و کشمیر کے عوام کے ناقابل تنسیخ حقِ خودارادیت کی اصولی حمایت پر ثابت قدم ہے۔ جموں و کشمیر کا غیر حل شدہ تنازع آج بھی خطے کے امن و سلامتی پر گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے۔