پاکستان مزید عالمی بانڈز کے اجرا ء کا خواہاں ہے،جنگ کے دوران توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، سپلائی چینز کی مکمل بحالی میں وقت لگے گا
آئی ایم ایف پروگرام کو برقرار رکھنے کیلئے زیادہ ٹیکس آمدن پر انحصار کیا گیا ہے، کمرشل قرضوں سے قرض دہندگان کا پروفائل تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے ایران امریکا معاہدے کے بعد معاشی اہداف میں بہتری کی توقع ہے، لیکن بجٹ تخمینوں میں تبدیلی ابھی قبل از وقت ہوگی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میںوزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان مزید عالمی بانڈز کے اجرا کا خواہاں ہے، ایران جنگ کے خاتمے کے بعد پاکستان 2027 کیلئے اپنی معاشی بہتری دیکھ رہا ہے، تاہم بجٹ میں فوری تبدیلی کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ جنگ کے دوران توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا، سپلائی چینز کی مکمل بحالی میں وقت لگے گا، اس تنازع نے مہنگائی کو دوبارہ دو ہندسوں میں پہنچا دیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے مالی سال 2027 کے بجٹ میں معاشی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد مقرر کیا گیا ہے، اگلے سال مہنگائی کا ہدف 8.2 فیصد مقرر کیا گیا ہے، دفاعی اخراجات میں 18 فیصد اضافہ کرکے انہیں 3 ہزار ارب روپے تک بڑھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کو برقرار رکھنے کیلئے زیادہ ٹیکس آمدن پر انحصار کیا گیا ہے، کمرشل قرضوں سے قرض دہندگان کا پروفائل تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ کچھ دوطرفہ قرضوں کی جگہ کمرشل قرضے لے سکیں، ہمارا مقصد بیرونی قرضوں کے حجم میں اضافہ کرنا نہیں ہے، پاکستان نے گزشتہ ماہ یو اے ای کے 3.4 ارب ڈالر کے ڈپازٹس واپس کیے، اس کے ساتھ ساتھ اماراتی کمرشل بینکوں سے بھی معاونت حاصل کی