راولپنڈی: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے شکایت کی ہے کہ ان کے خاندان اور جماعت کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر نئے مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ’’ہم ہر روز کسی نہ کسی کیس میں عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، آج بھی ہم ضمانت کے لیے حاضر ہوئے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ ان پر اور ان کے ساتھیوں پر مسلسل دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور یہ سب سیاسی انتقام کا حصہ ہے۔ علیمہ خان نے خاص طور پر پنجاب کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ "پنجاب اس وقت مریم نواز کے زیرِ انتظام ہے، جو خوف میں مبتلا خاتون ہیں۔"
میڈیا نمائندوں کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہ شیخ رشید سے کیا بات ہوئی، علیمہ خان نے مختصر جواب دیا کہ ’’شیخ رشید سے ٹرائل سے متعلق بات ہوئی۔‘‘یہ گفتگو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مختلف کیسز میں عدالتی پیشیاں جاری ہیں، اور پارٹی بارہا موجودہ حکومت پر سیاسی انتقام کا الزام لگا چکی ہے۔