راولپنڈی: پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عدلیہ میں ایسے ججز لائے جا رہے ہیں جو عمران خان کو جیل میں رکھیں اور پارٹی کو ختم کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان کا بھائی عمران خان ہمیشہ یہ کہتے رہے ہیں کہ موجودہ صورتحال کا مقصد انہیں جیل میں رکھنا اور پی ٹی آئی کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں جتنی سازشیں کی گئیں، ان کا مقصد بانی کو جیل میں ڈالنا اور پی ٹی آئی کو ختم کرنا تھا۔علیمہ خان نے حکومت کی جانب سے 9 مئی کے واقعات اور گھروں میں چھاپے مارنے کی کارروائیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹ چوری کیے گئے اور غیر قانونی طور پر چوروں کو اسمبلی میں بٹھایا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں ججز کی تعیناتی کے حوالے سے نکتہ چینی کی اور کہا کہ عدلیہ میں ایسے ججز لائے جا رہے ہیں جو عمران خان کو جیل میں رکھیں اور ان کے کیسز کو طول دے کر ٹالیں۔
علیمہ خان نے 190 ملین پاونڈز کیس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اپیل کو دو سے تین سال تک لٹکایا جا سکتا ہے۔علیمہ خان نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا پر پابندی لگانے کے لئے پیکا قانون کے نفاذ کی بھی مذمت کی اور کہا کہ اس کے ذریعے حکومت عوام کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ میں اصلاحات اور انصاف کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو انصاف مل سکے۔