ٹرمپ کا بل منظور: امریکا میں مقیم لاکھوں بھارتیوں کو اربوں کے نقصان کا خدشہ

 قانون نافذ ہو جاتا ہے تو بھارتی کمیونٹی کو صرف اس ٹیکس کی مد میں سالانہ 1.6ارب ڈالر ادا کرنا ہوں گے
 واشنگٹن (آئی این پی )امریکی ایوان نمائندگان کی بجٹ کمیٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ بل ون بِگ بیوٹی فل بل ایکٹ کو معمولی اکثریت سے منظور کر لیا، جس کے بعد یہ قانون سازی اب ایوان میں حتمی ووٹنگ کے لیے پیش کی جائے گی۔بل کے تحت امریکا میں مقیم بھارتی شہریوں اور غیر مقیم بھارتیوں  کی طرف سے اپنے وطن بھارت رقم بھیجنے پر 5فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا، جس سے لاکھوں بھارتیوں کو مالی جھٹکا لگنے کا امکان ہے۔اس قانون کے مطابق امریکا میں مقیم وہ تمام غیر شہری جن میں H-1Bویزا ہولڈرز، گرین کارڈ ہولڈرز اور دیگر نان امیگرنٹ ویزا رکھنے والے افراد شامل ہیں، جب بھی وہ بیرونِ ملک رقم بھیجیں گے تو کل رقم پر 5فیصد کٹوتی کی جائے گی۔ امریکی مردم شماری اور بھارتی مالیاتی ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں مقیم 45لاکھ بھارتی نژاد افراد میں سے 32لاکھ کے قریب غیر مقیم بھارتی ہیں جو اپنے وطن رقم بھیجتے ہیں۔ اگر یہ قانون نافذ ہو جاتا ہے تو بھارتی کمیونٹی کو صرف اس ٹیکس کی مد میں سالانہ 1.6ارب ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔