غزہ میں جاری فوجی کارروائیاں: برطانیہ، فرانس : کینیڈا کی اسرائیل کو پابندیوں کی دھمکی

 مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی توسیع پرتنقید، سعودی عرب کی بھی غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت 
لند ن؍ریاض (آئی این پی ) برطانیہ، فرانس اور کینیڈا نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے غزہ میں جاری فوجی کارروائیاں بند نہ کیں اور امدادی سامان پر عائد پابندیاں نہ اٹھائیں تو ان ممالک کی جانب سے ممکنہ طور پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق تینوں ممالک کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے عام شہریوں کو بنیادی انسانی امداد کی فراہمی سے انکار ناقابل قبول ہے، اور یہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔اعلامیے میں مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی توسیع پر بھی تنقید کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری رہا تو ان ممالک کی جانب سے ہدفی پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں۔دوسری جانب سعودی عرب نے غزہ میں اسرائیل کی جاری اور بڑھتی ہوئی زمینی اور فضائی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج کی یہ کارروائیاں خطے میں امن و استحکام کے قیام کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری فوجی آپریشنز نہ صرف بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہیں بل کہ ان سے پہلے سے جاری انسانی بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ فوری طور پرمداخلت اورمظلوم فلسطینی عوام کو تحفظ فراہم کرے اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت کرے۔