8 لاکھ سے زائد گھر وں کی تعمیر،سندھ حکومت کا کارنامہ: شرجیل میمن

سیلاب متاثرین کیلئے سندھ حکومت کے مثالی اقدامات دنیا بھر کیلئے ایک مثال بن چکے ہیں، وزیر اطلاعات سندھ
 کراچی(آئی این پی )وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومتِ سندھ نے سیلاب متاثرین کے لیے جو مثالی اقدامات کیے وہ پاکستان سمیت دنیا بھر کے لیے ایک مثال بن چکے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیلاب متاثرہ لاکھوں خاندانوں کے لیے 21لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف ایک خواب تھا، جسے سندھ حکومت نے عزم، مسلسل محنت اور عوامی خدمت کے جذبے سے حقیقت کا روپ دیا، 8لاکھ سے زائد گھر مکمل طور پر تعمیر ہو چکے ہیں، یہ کارنامہ گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرنے جیسا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لئے گھروں کی تعمیر کا کام ملکی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، یہ سب کچھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن اور قیادت کا ثمر ہے۔