لاہور (یواین پی) وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی جانب سے دائر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ صنم جاوید کی درخواست ضمانت خارج کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں اس حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی جہاں پی ٹی آئی کی سوشل ایکٹوسٹ صنم جاوید کی ایف آئی اے کے مقدمے میں ضمانت مسترد کردی گئی، اس ضمن میں ایڈیشنل سیشن جج سلمان گھمن نے فیصلہ سنا دیا، عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد فیصلہ سنایا، عدالت میں صنم جاوید کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ’ملزمہ کو سیاسی بنیادوں پر گرفتار کیا گیا، ملزمہ سے کوئی تفتیش درکار نہیں ہے، اس لیے عدالت درخواست ضمانت منظور کرے‘، تاہم ایف آئی اے نے ملزمہ کی ضمانت کی مخالفت کی۔