دولڑکوں پر چوری کے الزام میں تشدد کا معاملہ:ڈی آئی جی آپریشنزکا نوٹس،پولیس افسرکو گرفتار کرنے کا حکم

 لاہور(آئی این پی )لاہو ر میں 2 لڑکوں کو چوری کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنانیوالے پولیس افسر کو گرفتار کرنے کا جاری کردیا گیا ۔ 2نوعمر لڑکوں پر تشدد کا واقعہ لاہور پولیس کی چوکی سبزی منڈی میں کچھ عرصہ قبل پیش آیا تھا۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی جانب سے 2لڑکوں کو چوری کے الزام میں تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔اے ایس آئی بلال نے ان دو لڑکوں کو ایل سی ڈی چوری کے الزام میں حراست میں لیا اور پھر چھڑی سے تشددکا نشانہ بنایا، دوران تشدد لڑکوں کو گالیاں بھی دی گئیں، لڑکوں نے چیخ و پکار کی لیکن تھانیدار نے ایک نہ سنی، جرم ثابت نہ ہونے پر بغیر کارروائی لڑکوں کو رہا بھی کردیا گیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی کو فوری مقدمہ درج کرکے اے ایس آئی کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔پولیس کے مطابق اے ایس آئی بلال چوکی سبزی منڈی سے تبدیل ہو کر تھانہ ساندہ میں تعینات ہے جس کے خلاف محکمانہ کارروائی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔