عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ ،ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی اوکا نوٹس ،مقدمہ درج ،دو ملزمان گرفتار
جہانیاں(آن لائن) سیگریٹ چوری کرنے کے الزام میں تین افراد کا دس سالہ بچے کو رسیوں سے باندھ کر تشدد، عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ ،ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی پی اوکا نوٹس ،مقدمہ درج ،دو ملزمان گرفتار ۔تفصیل کے مطابق جہانیاں شہر کے اللہ داد بازار میں ایک افسو سناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک پان سیگریٹ شاپ مالک نے مبینہ طور پر چوری کے الزام میں ایک غریب اور کمسن دس سالہ بچے کو اپنی ''خود ساختہ عدالت'' لگا کر تشددکا نشانہ بنا ڈالا۔ ذرائع کے مطابق پان سیگریٹ شاپ مالک مختیار احمد،گلزار احمداور عمر نامی ملزمان نے علی حیدر نامی دس سالہ بچے کے ہاتھ پائوں رسیوں سے باندھ کر حبسِ بے جا میں رکھا اور مبینہ طور پر تشدد کرتے رہے اور بچے کو ریڑھی کے نیچے دبا دیا،وجہ عناد یہ ہے ملزمان کو شبہ تھا کہ بچے نے شاپ سے سیگریٹ چوری کیے ہیں۔شہری نے ریسکیو اور پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچے کو بازیاب کروایا۔واقعہ کی خبر پھیلتے ہی عوامی اور سماجی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے جبکہ واقعہ کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر ڈی پی او محمد عابد نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی پی او جہانیاں ملک عبدالمجید کو ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کاروائی کا حکم دیا ۔پولیس نے بچے پر تشدد کرنے والے2ملزمان کو گرفتار کر لیا گیاجبکہ بچے کے والد ذوالفقار احمد رحمانی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف تھانہ جہانیاں میں مقدمہ درج کر لیا گیاہے۔