جرگے کے فیصلے کے بعد شہری پانی میں مقرر وقت تک رہنے کے بعد زندہ نکل آیا ،9افراد کے خلاف مقدمہ درج
ڈیرہ غازی خان (آئی این پی )ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے میں ایک شہری پر خاتون سے مبینہ تعلقات کا الزام میں جرگے کے فیصلے پر شہری کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے رسی سے باندھ کر گہرے پانی میں چھوڑ دیاگیا۔جرگے کے فیصلے کے بعد شہری پانی میں مقرر وقت تک رہنے کے بعد زندہ نکل آیا۔قبائلی رسم کے مطابق متاثرہ شخص کو دوسرے شخص کے 22قدم چلنے تک پانی میں رہنا ہوتا ہے اور پانی میں رہنے کے دوران اپنا سر پانی کے اندر ہی رکھنا ہوتا ہے۔بعد ازاں غیرقانونی جرگے پر 9افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ اس پر جھوٹا الزام لگایا گیا،اس سے اس کی جان بھی جا سکتی تھی لہـٰـذا وزیراعلیٰ پنجاب انصاف فراہم کریں۔