ملٹری آپریشن کا کریڈٹ لینے والے جاہل ہیں فیصل واوڈا آپ ذہنی مریض ہیں عظمی بخاری


پہلے عمران خان تھے‘اب صرف بلال بھٹو لیڈر ہیں‘ نواز شریف جس عمر میں پہنچ چکے ہیں انہیں مزید شرمندہ نہ کیا جائے‘پنجاب حکومت ٹک ٹاک حکومت ہے:فیصل واوڈا
کون ہے فیصل واوڈا؟ ایسے ذہنی مریضوں کی حالت پر ترس کھاتے ہیں اور ان کیلئے اللہ پاک سے رحم کی دعا مانگتے ہیں ان کے سوالوں کا جواب نہیں دیتے:عظمی بخاری
اسلام آباد (آئی این پی )سینیٹرفیصل واوڈا نے  کہا  ہے  اس وقت پاکستان میں 2 ہی لیڈرز ہیں، پہلے عمران خان تھے اور اب بلاول بھٹو نظر آتے ہیں، نواز شریف جس عمر میں پہنچ چکے ہیں انہیں مزید شرمندہ نہ کیا جائے، عمران خان سے جیل میں اہم ملاقات کی خبر کا کوئی سرپیر نہیں، میری خواہش تھی کہ ملاقات ہوتی لیکن ملاقات نہیں ہوئی، شہباز شریف کے پاس مذاکرات شروع کرنے کا سنہری موقع ہے۔میڈیا چینلز کو دئیے گئے انٹرویو میں سینیٹر فیصل واوڈا  نے کہا عمران خان، نواز شریف، آصف زرداری سب محب وطن ہیں، پاک بھارت کشیدگی کے دوران تحریک انصاف کا بطور اپوزیشن کردار مثالی رہا۔ عظمی بخاری کی جانب سے نواز شریف کو بھارت کیخلاف حالیہ ملٹری آپریشن کا کریڈٹ دئیے جانے پر  سینیٹر فیصل واوڈا  نے کہا کہ یہ لوگ جاہل ہیں، ان میں سیاسی شعور نہیں ہے، یہ لوگ پڑھے لکھے نہیں ہیں، نواز شریف جس عمر میں پہنچ چکے ہیں انہیں مزید شرمندہ نہ کیا جائے۔ سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ جنگ کے دوران پاکستانی میڈیا نے پورے ملک کو متحد رکھا، پاکستان کے میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ عمران خان سے جیل میں اہم ملاقات کی خبر کا کوئی سر پیر نہیں۔ میری خواہش تھی کہ ملاقات ہوتی لیکن ملاقات نہیں ہوئی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ایک لیڈرشپ کوالٹی دکھائی۔پورا پاکستان ایک ساتھ کھڑا ہوا ہے، شہبازشریف کے پاس مذاکرات شروع کرنے کا سنہری موقع ہے، وزیراعظم شہبازشریف کو لیڈرشپ کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔ پنجاب حکومت ٹک ٹاک حکومت ہے، کوئی بیان نہیں آیا، پی ٹی آئی کے اندر بھی غیرسنجیدہ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ عمران خان باہر آئیں

    لاہور (یواین پی) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے آزاد سینیٹر فیصل واوڈا کو ذہنی مریض اور پاگل شخص کہہ ڈالا۔ پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کون ہے فیصل واوڈا؟وہ ایک ذہنی مریض ہے ان کا کوئی سیاسی بیک گراؤنڈ نہیں، ابھی وہ سینیٹر ہیں سیاسی پارٹی اس کی کوئی نہیں ہے، ایسے ذہنی مریضوں کی حالت پر ترس کھاتے ہیں اور ان کیلئے اللہ پاک سے رحم کی دعا مانگتے ہیں ان کے سوالوں کا جواب نہیں دیتے۔اس موقع پر جب ان سے سینئر صحافی نجم سیٹھی کی ایک خبر سے متعلق پوچھا گیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران عمران خان سے ایک اہم غیر سیاسی شخصیت نے ملاقات کی اور انہیں وزیراعظم کی طرح بریفنگ دی گئی، اس کے ردعمل میں صوبائی وزیر اطلاعت عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی چڑیا بوڑھی ہوگئی ہے اور وہ ذہنی توازن کھو بیٹھی ہے ان کوچاہیے اپنی چڑیا بدل لیں