پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے موجودہ حکومت پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ "فارم47 مارکہ حکومت" ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب معیشت کی کاسمیٹکس کا لیپ اُتر جائے گا اور حقیقت سامنے آ جائے گی۔ حکومتی دعووں کے برعکس عوام کو روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، اور وہ دو وقت کی روٹی کے لئے ترس رہے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت میں بیڈ گورننس کے نئے ریکارڈ قائم کیے جا رہے ہیں، اور حکومتی کارکردگی صرف اشتہارات تک محدود ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں معیشت کی حالت خراب ہو چکی ہے اور غربت و افلاس میں اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ حکومتی دعوے صرف گمراہ کن ہیں۔
مہنگائی کم ہونے کے کوئی آثار نہیں ہیں، اور عوام گھی، چینی اور آٹا خریدنے سے بھی قاصر ہیں۔مسرت جمشید چیمہ نے رمضان المبارک میں پنجاب حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے میں ناکامی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ امدادی رقم کے چیک کن لوگوں کو ملے ہیں، اس کا کسی کو علم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ وہ وقت آئے گا جب پی ٹی آئی کی حکومت آئے گی اور ملک میں پیدا ہونے والے بیگاڑ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔