ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومتی اتحادی پیپلز پارٹی کے سمبڑیال ضمنی انتخاب کے نتائج کو تسلیم نہ کرنے کے بعد بدترین دھاندلی کے شواہد پیش کرنے کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہی۔
انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مقبولیت کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے خود اعتراف کیا ہے کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو ان کی اتحادی جماعت ہونے کی وجہ سے نفرت کی بنیاد پر ووٹ نہیں دیے۔مسرت جمشید چیمہ نے بیان میں کہا کہ سمبڑیال کے عوام بخوبی جانتے ہیں کہ انہوں نے حقیقت میں کس کو ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی وسائل کے بے دریغ استعمال، غنڈہ گردی اور جبر کے باوجود عوام نے بلا خوف و خطر عمران خان اور پی ٹی آئی کو ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ اب بھی وقت ہے کہ وہ عوام کی آواز کو سنیں کیونکہ عمران خان کی مقبولیت دن بہ دن بڑھ رہی ہے اور عوام انہیں کسی بھی حالت میں الگ نہیں کر سکتے۔مزید برآں، مسرت جمشید چیمہ نے پیپلز پارٹی کو انتباہ دیا کہ وہ کسی خوش فہمی میں نہ رہیں کیونکہ عوام نے نہ صرف مسلم لیگ (ن) کو بلکہ پیپلز پارٹی کو بھی کرپشن اور بدانتظامی کی طویل تاریخ کی وجہ سے مسترد کر دیا ہے۔