ویب ڈیسک: پانچ میچوں کی سیریز کے ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد پاکستان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو تیسرے میچ میں 9 وکٹ سے شکست دے کر زبردست ردعمل دیا، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 205 رنز کا ہدف دیا تھا۔
آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جو کہ صحیح ثابت ہوا۔ شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں کیوی بیٹر فن ایلن کو آؤٹ کیا۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد نیوزی لینڈ نے تیز رفتار بیٹنگ کی اور 4 اوورز میں اسکور 43 تک پہنچا دیا۔ پھر ٹم سائفرٹ 19 رنز بنا کر حارث رؤف کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل نے 17 رن بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد، چوتھی وکٹ جمی نیشم کی گری، جو صرف چار رنز بنا سکے۔ نیوزی لینڈ کی پانچویں وکٹ مارک چیپمن کی گری، جو 94 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 204 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 205 رنز کا ٹارگٹ ملا۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، شاہین شاہ آفریدی، ابرار احمد اور عباس آفریدی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 74 رنز پر گری، جب محمد حارث 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم، حسن نواز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 105 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ سلمان آغا نے بھی 51 رنز بنائے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان نے یہ ہدف صرف سولہ اوورز میں پورا کر لیا۔سیریز کا چوتھا ٹی 20 میچ اتوار (23 مارچ) کو ہوگا، جبکہ پانچواں اور آخری میچ 26 مارچ کو کھیلا جائے گا۔